عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تبدیلی لائے گا اور فرسودہ سیاسی جماعتیں اسے روک نہیں سکیں گی،فہیم خان

منگل 10 جولائی 2018 20:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 241 کے نامزد امیدوار فہیم خان اور حلقہ پی ایس 97 کے نامزد امیدوار راجہ اظہر خان نے الیکشن مہم کے سلسلے میں قیوم آباد سیکٹر ڈی، پی ایس 97 میں منعقدہ کارنر میٹنگ میں شرکت کی اور سیکٹر ڈی کے رہائشیوں سے خطاب کیا۔ فہیم خان اور راجہ اظہر خان نے الیکشن مہم کے سلسلے میں کورنگی ناصر کالونی میں منعقد کارنر میٹنگ میں حلقے کے مقامی رہائشیوں سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینے کی درخواست کی۔

اس دوران پی ٹی آئی عہدیداران و کارکنان اور عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے فہیم خان کا کہنا تھا کہ اب وہ دن گئے جب پی پی اور ن لیگ فاختہ اڑایا کرتے تھے۔

(جاری ہے)

اب عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تبدیلی لائے گا اور فرسودہ سیاسی جماعتیں اسے روک نہیں سکیں گی۔ عوام کا سونامی ضرور آئے گا اور ن لیگ اور پی پی کے پرخچے اڑیں گے۔ اس موقعے پر راجہ اظہر خان کا کہنا تھا کہ ابھی نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی گونج ختم نہیں ہوئی تھی کہ اب زرداری لیگ کے بھی طوطے اڑ گئے۔

دیکھنا یہ ہے کہ بلاول زرداری باپ کی پگڑی سنبھالیں گے یا پیپلز پارٹی۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو شراکت سے توبہ کرنی پڑے گی۔ اب بلاول کے دو محاذ ہوں گے اور دونوں جگہ سے بری طرح مار پڑنے والی ہے۔ ن لیگ اور پی پی عوام سے پٹنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی تو چوروں اور لٹیروں کا محاسبہ کریں گے۔