25جولائی کو لالٹین پر مہر لگا کر پختون اپنی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ، امیرحیدرہوتی

منگل 10 جولائی 2018 22:31

25جولائی کو لالٹین پر مہر لگا کر پختون اپنی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ..
شانگلہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدرامیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پختون قوم اپنی بقا ء کیلئے عوامی نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم کے سرخ جھنڈے تلے متحد ہوں، 25جولائی کو لالٹین پر مہر لگا کر پختون اپنی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ،ہمیں پختون قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی ضرورت ہے ، اب وقت کا تقاضا ہے کہ پختون قوم ماضی کے غلطیوں سے سبق سیکھے ،عوامی نیشنل پارٹی کی حکومت آئی تو ماضی کے غلطیوںکو دوبارہ نہیں دہرایا جائیگا - وہ گزشتہ روز شانگلہ کے حلقہ الوچ پورن میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ، اس موقع پر درجنوں افراد نے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی- امیر حیدر خان ہوتی کا جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن موخر کرنے کی کوششیں ملک کے مفاد میں نہیں ،انتخابات وقت پر ہونے چاہئے ، تحریک انصاف کا یہ آخری الیکشن ہوگا ،قدرتی وسائل پر اپنا اختیار ضرور حاصل کریں گے ،پانچ سال میں کرپشن کی جو تاریخ رقم کی گئی اس پر نیب کی فائلیں کھولنا ہوںگی، عوامی نیشنل پارٹی کا واضح منشور ہے کہ ہر ایک ضلع میں ایک یونیورسٹی ہو تاکہ تعلیم عام اور اسان کیا جاسکے، عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں تاریخی اصلاحات کئے ہیں،اقتدار میں آئیں تو مرکز سے صوبے کے حقوق ، بجلی کی رائیلٹی ، این ایف سی ایوارڈ اور تمباکو کا انکم ٹیکس سمیت صوبے کے زمینی وسائل کے حصول کیلئے ہر فورم پر اواز اٹھائیں گے،25جولائی کا انتخاب پختونوں کیلئے ایک امتحان ہے جس میں وہ عوامی نیشنل پارٹی کے لالٹین پر مہر لگا کر صوبہ کو ترقی کے راہ پر گامزن کریگی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے صوبے کو اربوں کے قرضوں میں ڈوبا دیا ، موقع ملا تو ان سے پائی پائی کا حساب لیں گے ،تبدیلی کے نام پر پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کرکے چھوڑ دیا ، شہریوں کاجینا حرام ہوگیا ہے یہ کپتان کی تبدیلی تھی ، ٹکٹوں کی تقسیم پر اس جماعت کا حقیقی چہرہ سامنے آگیا ہے، کپتان نے صرف اور صرف جاگیرداروں اور پیسے والوں کو ٹکٹیں دیکراپنے بنائے ہوئے اصولوں سے منہ پھیر لیا،کپتان کو آج پاکستانی قوم یوٹرن خان کے نام سے جانتے ہیں ۔انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی نے کامیابی حاصل کی تو نوجوانوں کوسرکاری ملازمتیں و بلا سود قرضوں سمیت کاروباری سکیم بنائیں گے۔