مہاجر قومی موومنٹ کے تحت حلقہ 254میں الیکشن آفس افتتاح کی تیاریاں مکمل،

عوام میں جوش و خروش چیئرمین آفاق احمد اپنے حلقہ انتخاب میں مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح کریں گے

منگل 10 جولائی 2018 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد کے دوسرے حلقہ انتخابات NA-254کے مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ یاد رہے کہ چیئرمین آفاق احمد کراچی سے قومی اسمبلی کی دو نشستوں NA-240لانڈھی اور NA-254جوکہ فیڈرل بی ایریا سمیت ضلع وسطی کے بڑے علاقہ پر مشتمل ہے، انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

چیئرمین آفاق احمد بروز بدھ، بتاریخ 11جولائی کو سہہ پہر 4بجے فیڈرل بی ایریا، بلاک 17، نزد گلبرگ چورنگی پر اپنے الیکشن آفس کا افتتاح کرنے والے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ضلع وسطی کی اس اہم نشست پر چیئرمین آفاق احمد کی موجودگی نے یہاں کا منظر نامہ یکسر تبدیل کردیا ہے اور چیئرمین آفاق احمد کی آمد کے حوالے سے عوام میں جس جوش و خروش کا مظاہرہ دیکھنے میں آرہا ہے وہ حیران کن ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین آفاق احمد کی اپنے الیکشن آفس آمد کا سنتے ہی فیڈرل بی ایریا اور گلبرگ سمیت دیگر علاقوں کی عوام نے ابھی سے مرکزی الیکشن آفس کا رخ کرلیا ہے اور گھروں پر مہاجر پرچم لہرا دیئے گئے ہیں جبکہ، نوجوان، خواتین اور بزرگ افراد اپنے محبوب چیئرمین کا بھرپور استقبال کرنے کیلئے بے قرار نظر آتے ہیں۔ اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہ برسوں کے بعد مہاجر پرچم دیکھ کر ہمارے جسموں میں نئی جان پڑگئی ہے، مہاجروں کے مسائل کا حل صرف مہاجر نظریہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے اور اس وقت صرف اور صرف آفاق احمد ہی ہیں جو مہاجر پرچم تھامے قوم کی امید بڑھا رہے ہیں۔

ضلع وسطی کے مہاجر آفاق احمد کا بھرپور استقبال کرکے ثابت کردیں گے ہمارے دل آج بھی مہاجر نام پر ہی دھڑکتے ہیں۔