کراچی،شہر کے تمام بڑے نالوں پر تیزی سے کام چل رہا ہے،وسیم اختر

سپریم کورٹ نے ہمیں نالوں کی صفائی کی ذمہ داری دی ہے،جو پیسہ نالوں کی صفائی کیلئے ملا ہے وہ پورا صفائی میں خرچ ہوگا،میئر کراچی

منگل 10 جولائی 2018 23:15

کراچی،شہر کے تمام بڑے نالوں پر تیزی سے کام چل رہا ہے،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کے تمام بڑے نالوں پر تیزی سے کام چل رہا ہے، اچھے کام کو بھی کچھ شرپسند افراد عوام کو گمراہ کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں،جو پیسہ نالوں کی صفائی کیلئے ملا ہے وہ پورا صفائی میں خرچ ہوگا، ہم نالوں کے ان مقامات پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں جہاں بارشوں میں سب سے زیادہ مسائل پیش آتے تھے اور قریبی آبادیوں کے لئے خطرات پیدا ہوجاتے تھے، اس بار بارشوں میں وہ صورتحال نہیں ہوگی جو پہلے ہوتی تھی، سپریم کورٹ نے ہمیں نالوں کی صفائی کی ذمہ داری دی ہے، یہ بات انہوں نے منگل کی سہ پہر سونگل نالے کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر نالوں پر صفائی کے کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں اورمیں خود روزانہ مختلف نالوں کا دورہ کر رہا ہوں اور صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لے رہا ہوں تاکہ جہاں کہیں کوئی کمی بیشی رہ گئی ہے اسے فوری دور کردیا جائے اور نالوں کی صفائی اس انداز میں کی جائے کہ برسات کے دوران نالوں کے اوور فلو ہونے کا خطرہ باقی نہ رہے، تمام افسران اور متعلقہ عملے کو مون سون بارشوں سے قبل برساتی نالوں کی صفائی کے کام کو ہر ممکن مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے، انہوں نے کہا کہ بارشوں میں پہلوان گوٹھ ڈوب جاتا تھا مگر اس مرتبہ امید ہے کہ صورتحال بہتر ہوگی، انہوں نے کہا کہ اگر میئر ،ڈپٹی میئر کو الیکشن کی وجہ سے معطل کیا گیا تو کورٹ سے بات کریں گے اگر یہ نالے بروقت صاف نہ کئے گئے تو برساتی پانی کی نکاسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، نالوں کے چوکنگ پوائنٹس پر خاص توجہ دی جا رہی ہے اور ایسے پوائنٹس کو کلیئر کیا جا رہاہے جہاں ماضی میں پانی کی نکاسی میں رکاوٹ پیدا ہوتی تھی، میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نالوں میں کچرا نہ پھینکیں اور نہ ہی گھروں کا سیوریج نالوں میں ڈالا جائے یہ نالے برساتی پانی کے لئے مخصوص ہیں، سیوریج اور کچر ے کے باعث نالوں سے پانی گزرنا مشکل ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ برساتی نالے نکاسی آب کا قدرتی ذریعہ ہیں لہٰذا برساتی نالوں پر کسی بھی قسم کی تجاوزات برادشت نہیں کی جاسکتیں کیونکہ ان کی وجہ سے نالوں کی چوڑائی کم ہوجاتی ہے اور نالوں میں سطح آب بلند رہتی ہے جو برساتی موسم میں خطرناک شکل اختیار کرلیتی ہے، انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کے حوالے سے جو بھی فنڈز دستیاب ہوں گے انہیں نالوں کی صفائی اور دیگر ترقیاتی کاموں پر ہی خرچ کیا جائے گا، ترقیاتی کاموں کے لئے مختص کئے جانے والے فنڈز ضائع نہیں ہونے چاہئیں اور تمام تر پیسہ شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر اور جدید بنانے کے لئے استعمال ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ کراچی کے شہری برسات کے دوران کسی پریشانی سے دو چار نہ ہوں اور برساتی نالوں کے ذریعے بارش کے پانی کی تیزی سے نکاسی کا عمل بلارکاوٹ جاری رہے جس کے لئے ہم تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں۔