نئے پاکستان والوں نے سرکاری خرچ پر ہر مہینے بیس لاکھ روپے چائے پر اڑائے،سینیٹر مشتاق احمد خان

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کاسارا کچرا تحریک انصاف میں جمع ہوگیا ہے،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

جمعرات 12 جولائی 2018 19:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی و سینئر نائب صدر ایم ایم اے خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے پاکستان میں سرکاری خرچ پر چائے پینے پر پابندی تھی نئے پاکستان والوں نے سرکاری خرچ پر ہر مہینے بیس لاکھ روپے چائے پر اڑائے،یہ قومی خزانے کے ساتھ سراسر زیادتی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کاسارا کچرا تحریک انصاف میں جمع ہوگیا ہے، جنہوں نے خود قومی دولت لوٹی ہے وہ دوسرے لٹیروں کا کیا احتساب کریں گے جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان غربت، افلاس، بے روزگاری ، بدامنی سمیت دیگر مسائل سے دوچار ہے ، آج وہی سب لوگ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔

ان سے خیر کی توقع رکھنا فضول ہے، متحدہ مجلس عمل کرپشن کے ان ناسوروں کو ختم کرنے اور ان کا احتساب کرنے کے لئے بنی ہے، ایم ایم اے اپنی حکومت میں پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائے گی۔

(جاری ہے)

متحدہ مجلس عمل پاکستان، آئین پاکستان ، عقیدہ ختم نبو تؐ اور ناموس رسالت ؐ کی محافظ ہے، ہم پاکستان کو اسلامی، فلاحی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انبار ضلع مہمند اور بعد ازاں باڑہ ضلع خیبر میں انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماعات سے جماعت اسلامی مہمند کے امیر اور امیدوار این اے 42ملک سعید خان اور جماعت اسلامی خیبر کے امیر و امیدوار این اے 43 شاہ فیصل آفریدی سمیت دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ قبائلی عوام نے انگریزوں اور ان کے کالے نظام ایف سی آر کو شکست دی، ان انتخابات میں انشاء اللہ انگریزوں اور ایف سی آر کے بقایا جات کو بھی شکست دیں گے۔

قبائلی عوام محب اسلام اور محب وطن ہیں، وہ لال پیلے جھنڈوں والوں کو نہیں اسلام کے نام لیواؤں کو کامیاب کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل اپنی حکومت میں قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا دے گی، یہاں سڑکوں، تعلیمی اداروں ، کھیل کے میدانوں، پینے کے صاف پانی کے منصوبوں ، انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت بے روزگاری کے خاتمے کے کئی منصوبے شروع کریں گے۔

جماعت اسلامی نے ایف سی آر کے خاتمے کی جدوجہد سمیت دیگر مواقع پر قبائلی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا، انشاء اللہ قبائلی عوام بھی انتخابات میں جماعت اسلامی کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کیمپ میں شامل جماعتوں کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ انہیں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے، 25جولائی کو مغربی تہذیب کے علمبرداروںکو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل متحدہ مجلس عمل اور دینی جماعتوں کا ہے، پاکستان میں بالعموم اور خیبر پختونخوا میں بالخصوص حکومت بنا کر عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے اور پاکستان کو امریکی غلامی سے نجات دلائیں گے۔