انتظامیہ ،پولیس کی کارروائیاں پری پول رگنگ ہے ،شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں کا ہنگامی اجلاس

کارکنوں کی گرفتاریوں ، نواز شریف کے استقبال سے روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے معاملات پر تبادلہ خیال ،آئندہ کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی

جمعرات 12 جولائی 2018 21:25

انتظامیہ ،پولیس کی کارروائیاں پری پول رگنگ ہے ،شہباز شریف کی زیر صدارت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں کارکنوں کی گرفتاریوں ، نواز شریف کے استقبال سے روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے معاملات پر تبادلہ خیال اورآئندہ کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی ، رہنمائوں نے تمام رکاوٹوں کے باوجود پر امن رہتے ہوئے ائیر پورٹ پہنچنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور گھروں پر چھاپوں کے بعد (ن) لیگ کے مرکزی صدر محمد شہباز شریف کی جانب سے ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ۔ جس میں سردار ایاز صادق، مشاہد حسین سید، حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق، پرویز ملک، مریم اورنگزیب، خواجہ احمد حسان ،خواجہ عمران نذیر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے (ن) لیگ کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات بغور جائزہ لیا گیا اور آج ( جمعہ ) کے روز نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی گئی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کے اعلان کے مطابق نواز شریف کے استقبال کیلئے ائیر پورٹ پہنچا جائے گا اور مرکزی قافلہ شہباز شریف کی قیادت میں مسلم مسجد لوہاری گیٹ سے روانہ ہوگیا ۔

اجلاس میں کہا گیا کہ قافلے کے شرکاء مکمل پر امن رہیں گے اور نواز شریف کے استقبال کے بعد تمام کارکنا ن پر امن طریقے سے منتشر ہو جائیں گے۔ اجلاس میں انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے اٹھائے والے اقدامات کی شدید مذمت کی گئی اور ان اقدامات کو پری پول رگنگ قرار دیا گیا ۔ اجلاس میں نواز شریف کی ائیر پورٹ سے گرفتاری اور آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا ۔