Live Updates

لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند ہونا شروع

انارکلی ،لکشمی چوک اور سول سیکرٹریٹ میں موبائل فون سروس بند ہونا شروع ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 13 جولائی 2018 13:17

لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند ہونا شروع
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جولائی 2018ء) : لاہور ائیر پورٹ پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی آمد کے پیش نظر مسلم لیگ ن کے کارکنان نے بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی ائیر پورٹ پہنچنے اور اپنے قائد کا استقبال کرنے کی منصوبہ بندی نے شہر بھر میں سکیورٹی اداروں کو بھی متحرک کر دیا ہے۔

سکیورٹی اداروں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنا شروع کر دئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بھی بند ہونا شروع ہو گئی ہے۔ لاہور کے علاقہ لکشمی چوک ، انارکلی، ائیر پورٹ اور سول سیکرٹریٹ میں موبائل فون سروس بند ہونا شروع ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب بھر سے مسلم لیگ ن کے کارکنان اور پارٹی کے سینئیر رہنماؤں کی قیادت میں نکلی ریلیوں نے لاہور ائیر پورٹ کا رُخ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

شہر کے مختلف علاقوں میں جزوی طور پر موبائل سروس بند ہونے کے بعد نگران وزارت داخلہ نے موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ بھی بند کرنے کی سفارش کر رکھی ہے جس کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروسز بھی بند ہونے کی اطلاعات ہیں۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز لگا دئے گئے ہیں جبکہ لاہور تا اسلام آباد موٹروے کو بھی آج ٹریفک کے لیے بند کر کے کنٹینرز پہنچا دئے گئے ہیں۔

شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں ک مزید نفری کو بھی طلب کیا گیاہے۔ واضح رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز ابوظہبی میں سات گھنٹے قیام کرنے کے بعد نجی ائیر لائن کی پرواز ای وائے 243 سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے اور آج شام 6 بج کر 15منٹ پر لاہور پہنچیں گےجہاں انہیں جہاز سے اترتے ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔

اس موقع پرہنگامی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میٹرو بس اور سپیڈو بس سروس معطل کر دی گئی ہے۔نیب نے نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی گرفتاری کے لیے 16 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے جس کی سربراہی ڈائریکٹر امجد علی اولکھ کریں گے جب کہ ٹیم میں 9 افسران نیب کے ہوں گے اور باقی پولیس افسران ہوں گے جو انہیں لاہور ائیر پورٹ سے ہی گرفتار کرلیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات