میاں شہبازشریف کا اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان

نوازشریف کےطیارے کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑا گیا تومسلم لیگی کارکنان اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے، راستہ روکا گیا توہمیں کوئی کنٹرول نہیں کرسکے گا۔مسلم لیگ ن کےصدرشہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 جولائی 2018 20:14

میاں شہبازشریف کا اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جولائی 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے اعلان کیا ہے کہ اگر طیارے کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑا گیا تواسلام آباد کی جانب مارچ کریں کریں گے،اطلاعات ہیں کہ نوازشریف کے طیارے کا رخ اسلام آباد موڑے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ن لیگ شہبازشریف نے انتظامیہ کوخبردار کیا ہے کہ اگر نوازشریف کے طیارے کارخ اسلام آباد کی جانب موڑا گیا تون لیگی کارکنان یہاں سے اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے۔

انہوں نے اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ راستہ روکا گیا توہمیں کوئی کنٹرول نہیں کرسکے گا۔جس راستے سے اللہ لے جائے گا چلے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ ہرصورت ایئرپورٹ پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اورا ن کی صاحبزادی نیب کوگرفتاری دینے کیلئے آج لندن سے لاہور واپس آرہے ہیں۔

نوازشریف کے استقبال کیلئے ن لیگی کارکنان کے قافلے پنجاب بھر سے لاہور کی جانب رواں دواں ہیں۔اطلاعات ہیں کہ متعدد مقامات پرکارکنان کوروک لیا گیا ہے ۔گزشتہ کچھ دنوں سے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ن لیگ کے سینکڑوں عہدیدران اور کارکنان کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کوکنٹینرزلگا کربند کردیا گیا ہے۔

تاہم اس کے باوجود ن لیگی کارکنان نوازشریف کے استقبال کرنے کا عزم لیے ہوئے ہیں۔مسلم لیگ ن کا قافلہ پارٹی صدرشہبازشریف کی قیادت میں لاہور ایئرپورٹ کی جانب رواں دواں ہے۔کارکن کاروں، موٹرسائیکلوں اور بسوں پرسوار ہیں۔ن لیگی کارکنان شیر شیر کے نعرے لگا رہے ہیں۔دوسری جانب راوی پل پرپولیس اور ن لیگی کارکنان میں تصادم ہوگیا۔پولیس نے کارکنان کوروکنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔

جبکہ اس کے ردعمل میں لیگی کارکنان نے بھی پولیس پرپتھراؤکیا۔مزید برآں آئی جی پنجاب کلیم امام نے تمام سیاسی کارکنان کورہا کرنے کاحکم دے دیا ہے۔آئی جی پولیس کے حکم کے ساتھ ہی سیاسی کارکنان کی رہائی کاعمل شروع کردیا گیا ہے۔اسی طرح نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت غیرجانبدار ہے کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے۔

ن لیگ کی قیادت کونظربند کیا نہ ہی ایسا کوئی پلان ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ریلی کیلئے اجازت نہیں لی۔ ریلی روکنے کیلئے وہی اقدامات کیے جوحکومتیں کرتی ہیں۔کوئی بھی حکومت ہووہ ایسے ہی انتظامات کرتی ہے۔وزیرداخلہ پنجاب نے کہا کہ کسی بھی ریلی کوایئرپورٹ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہے۔ایئرپورٹ ایریاوفاقی اداروں کے کنٹرول میں ہے۔لاہور ایئرپورٹ پرباڑ لگی ہے اس کوکراس نہ کیا جائے۔ہم یقین دلاتے ہیں ہم بالکل غیرجانبدار ہیں۔