الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عابد شیر علی،راجہ ریاض،ندیم آفتاب سندھو،میاں سہیل کو وارننگ جاری

اتوار 15 جولائی 2018 13:30

الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عابد شیر علی،راجہ ریاض،ندیم ..
فیصل آباد۔15جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے جنرل الیکشن 2018ء وڈپٹی کمشنرفیصل آباد سید احمدفوادنے انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عابد شیر علی،راجہ ریاض،ندیم آفتاب سندھو،میاں سہیل کو وارننگ جاری کردی جبکہ سب انسپکٹر پولیس محمد عمران کو بھی سرکاری ملازم ہونے کے باوجود انتخابی مہم میں شرکت کرنے پر سخت وارننگ جاری کی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل ۱ٓباد کے ترجمان نے بتایا کہ حلقہ این اے 108سے امیدوار چوہدری عابد شیرعلی،حلقہ این اے 110سے امیدوار راجہ ریاض احمد،حلقہ پی پی 109سے امیدوار ندیم آفتاب سندھو،حلقہ پی پی 99سے امیدوار میاں سہیل اور چوکی طارق آباد کے سب انسپکٹر محمد عمران کونتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت وارننگ کا اجراء کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے ان امیدواروں کو بڑے سائز کے بینرز،پوسٹرز آویزاں اور وال چاکنگ کرنے کی موصول ہونے والی شکایات پر شوکاز نوٹسز جاری کئے تھے جن کی سماعت کے دوران آئندہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے کی یقین دہانی کرانے پر انہیں وارننگ جاری کی گئی ،دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے جنرل الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ انتخابی مہم میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی ذمہ داری سے پابندی کریں اور اپنے سپورٹرز کو بھی ضابطہ اخلاق کا پابند بنائیں بصورت دیگر بار بار خلاف ورزی کی صورت میں انہیں جرمانہ کے علاوہ ان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن ۱ٓف پاکستان کو تحریر کر دیا جائے گا۔