لیاری میں پیپلزپارٹی کے اُمیدوار حاجی عبد المجید بلوچ پر گل پاشی کے تاریخی منظر نے سب کو حیرت میں ڈال دیا

اتوار 15 جولائی 2018 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے حلقہ پی ایس 108سے نامزد اُمیدوار حاجی عبد المجید بلوچ پر پیدل انتخابی مہم کے دوران ہر گلی، ہر شاہراہ، اور ہر محلے میں گل پاشی کے تاریخی منظر نے لیاری سمیت پورے شہر کے امیدواروں کو حیرت میں ڈال دیا کہ کراچی میں اب تک کسی بھی اُمیدوار پر اتنی گل پاشی ، عوامی حمایت، عوام کی محبت اور استقبال کا ایسا فقید المثال اور منفرد منظر دیکھنے میں نہیں آیا جو پیپلز پارٹی کے اُمیدوار حاجی عبد المجید بلوچ کی انتخابی مہم میں عوام کا جذبہ دیکھنے میں آیا۔

اس مثالی منظر کو لیاری بھر کی عوام نے دیکھنے کے بعد اپنی رائے میں کہا کہ پی ایس 108سے جیت کا لوہاپیپلز پارٹی کے اُمیدوار حاجی عبد المجید بلوچ نے منوا لیا ہے۔

(جاری ہے)

اُدھر اپنے حلقہ انتخاب میں بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے اُمیدوار حاجی عبد المجید بلوچ نے کہا کہ جس محبت کا اظہار میرے اپنے حلقہ انتخاب پی ایس 108سمیت پورے لیاری کی عوام نے کیا ہے میں دل کی گہرایئوں سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لیاری کی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی بھی جماعت کے اُمیدوار کے حق میں نہیں ہیں۔ جیت صرف پیپلز پارٹی کی ہو گی اور ملک کی عوام بلاول بھٹو زرداری کو وزیرِ اعظم دیکھنا چاہتی ہے۔ حاجی عبد المجید بلوچ نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے ۔ لیاری کی عوام نے ماضی میں پیپلز پارٹی کو سرخرو کیا اب بھی کریں گے اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔