ولائی کو عام انتخابات قومی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں جس میں عوام ایک بار اپنی پسند کے نمائندوں کا انتخاب کریں گے، محمد زبیر

منصفانہ ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے لئے حکومت الیکشن کمیشن کے تعاون سے بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے اس ضمن میں میڈیا کا کردار بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے، گورنر سندھ

پیر 16 جولائی 2018 21:49

ولائی کو عام انتخابات قومی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں جس میں عوام ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018 ء کو ہونے والے عام انتخابات قومی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں جس میں عوام ایک بار اپنی پسند کے نمائندوں کا انتخاب کریں گے ،منصفانہ ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے لئے حکومت الیکشن کمیشن کے تعاون سے بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے اس ضمن میں میڈیا کا کردار بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میںنائجیریا کے 7 رکنی میڈیا وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔جس کی قیادت نیشنل انسٹیٹیوٹ فار پالیسی اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل جوناتھن میلا جمعہ(Jonathan Mela Juma) کررہے تھے۔ ملاقات میں عام انتخابات کے پر امن ، منصفانہ ، شفاف ، غیر جانبدارانہ انعقاد ، زیادہ سے زیادہ عوام کی شمولیت یقینی بنانے اور اس ضمن میںطے کردہ ضابطہ اخلاق سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ وفود کے تبادلوں سے دو ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے ، پاکستان اور نائجیریا کے درمیان تعلقا ت میں اضافے کے وسیع مواقع موجو د ہیں جس سے دونوں ملکوں کو استفادہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل ، قومی معیشت کے استحکام ، عالمی حالات کے تناظر میں قومی مفادات کے حصول کے لئے آئندہ منتخب ہونے والی حکومت پر اہم ذمہ داریاں عائد ہوں گی ۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ہر سیاسی جماعت کو اپنی تشہیری مہم کے لئے مکمل آزادی حاصل ہے ، عوام کو اپنی جانب راغب کرنے کے لئے جلسے ، جلوسوں ، ریلیوں اور کارنر میٹنگ کے انعقاد کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت کے اقدامات کے باعث آج کا پاکستان پر امن اور معاشی طور پر مستحکم ہے ، 2013 ء کے حالات انتہائی خراب تھے ، گذشتہ حکومت نے امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ اور قومی معیشت کے استحکام کے لئے انتھک محنت کی جس کے باعث آج پاکستان ترقی کی سمت گامزن ہے ، عوام سیاسی جلسے ، جلوسوں ، ریلیوں اور کارنر میٹنگ میں بھرپور انداز میں شرکت کررہے ہیں ،ہر سیاسی جماعت اپنی مہم بھرپور طریقہ سے جاری رکھے ہوئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہئے کہ وہ انتخابی عمل کے ساتھ ساتھ ملک میں ہونے والی تبدیلیوں پر بھی نظر رکھے اوراس ضمن میں ہونے والی خرابیوں کو اجاگر کرے کیونکہ اس سے منصفانہ ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابی عمل میں مدد ملے گی ۔ ملاقات میں وفد کے اراکین نے گورنرسندھ سے پاکستان کے جمہوری نظام ، انتخابی عمل ، اقتدار کی منتقلی اور دیگر امور کے بارے میں سوالات بھی کئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نائجیریا ایک دوسرے کے تجربات سے بہت زیادہ سیکھ سکتے ہیں اور ان کے اس دورے کا مقصد پاکستان کے بارے میں آگاہی حاصل کرکے نائجیریا کے عوام کو ان سے آگاہ کرنا ہے وہ کراچی کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد بھی جائیں گے ۔ #