جمرود‘ اسسٹنٹ کمشنر جمرود بھگیاڑی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی جانب سے بھتہ وصولی کا نوٹس لیں، اسلام آفریدی

منگل 17 جولائی 2018 12:35

جمرود(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسلام آفریدی اور حمید خان نے کہا ہے کہ پاک افغان شاہراہ پر قائم بھگیاڑی چیک پوسٹ پرشاہ نواز اور فضل نامی افراد مسافروں سے بھتہ لیتے ہیں اور مسافروں کے ساتھ معمولی سامان پر غیر قانونی ٹیکس لیتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد اپنے آپ کو خفیہ اداروں کے اہلکار ظاہر کرتے ہیں اور بھگیاڑی چیک پوسٹ پر ایف سی اہلکار انکی مکمل پشت پناہی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ قانونی کاروبار کرتے ہیں لیکن بھگیاڑی چیک پوسٹ پر شاہ نواز اور فضل نامی افراد انہیںاور دوسرے تمام مسافروں کو تنگ کرتے ہیںاور ان سے بھتہ لیتے ہیں،اسلام آفریدی نے کہا کہ چند روز پہلے ان کے خلاف پریس کانفرنس ہوئی تھی جس پر ان کو ہٹایا گیا تھا لیکن اب وہ پھرسے اپنی جگہ پر آگئے ہیں اور مسافروں سے بھتہ لیتے ہیں، انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، آرمی چیف ،ڈپٹی کمشنر خیبر اور نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھگیاڑی چیک پوسٹ پر مسافروں کو لوٹنے والوں شاہ نواز اور افضل کے خلاف فوری کاروائی کی جائے اور مسافروں کو اس مافیہ سے نجات دلائی جائے۔