عام انتخابات کے دن کو مدنظر رکھتے ہوئے عظیم تر کوششوں، چوکس و چوکنا رہنے اور رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ پولنگ کا عمل احسن اور پرامن انداز میں مکمل ہو،

سیاسی قیادت اور کارنر میٹنگ میں شرکت کرنے والے عوام کے تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دینی چاہئے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کا گورنر ہائوس لاہور میں امن و امان کی صورتحال اور عام انتخابات کے موقع پر امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 19 جولائی 2018 18:58

عام انتخابات کے دن کو مدنظر رکھتے ہوئے عظیم تر کوششوں، چوکس و چوکنا ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دن کو مدنظر رکھتے ہوئے عظیم تر کوششوں، چوکس و چوکنا رہنے اور رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ پولنگ کا عمل احسن اور پرامن انداز میں مکمل ہو، سیاسی قیادت اور کارنر میٹنگ میں شرکت کرنے والے عوام کے تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت گورنر ہائوس لاہور میں امن و امان کی صورتحال اور عام انتخابات 2018ء کے موقع پر امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تیاریوں کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری رضوی، نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید، وزیر بلدیات ظفر محمود، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت احمد وقاص ریاض، چیف سیکرٹری اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس کلیم امام، صوبائی چیف الیکشن کمشنر ظفر اقبال حسین اور دیگر سینئر سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی نے اجلاس کے دوران صوبہ میں انتخابات کے عمل کے دوران سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعظم کو صوبہ کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کی کامیابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے صوبہ میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ان کوششوں اور اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عام انتخابات کے دن کو مدنظر رکھتے ہوئے عظیم تر کوششوں، چوکنا رہنے اور رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ پولنگ کا عمل احسن اور پرامن انداز میں مکمل ہو۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی قیادت اور کارنر میٹنگ میں شرکت کرنے والے عوام کے تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عام انتخابات 2018ء کے حوالہ سے مرتب کردہ ضابطہ اخلاق اور سیکورٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کیلئے انتظامیہ کو سیاسی قیادت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے میں پرعزم ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ کے ارکان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔