شفاف انتخابات کے لیے آزاد جمہوری نظام ضروری ہے،سیف الدین ایڈوکیٹ

25 جولائی حقیقی معنوں میں ظلم و جبر کے نظام سے نجات کا دن ہوگا،پی ای سی ایچ ایس میں علماء کنونش سے خطا ب

جمعرات 19 جولائی 2018 23:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سکریٹری و متحدہ مجلس عمل حلقہ این اے 245کے نامزد امیدوار سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ نے کرپٹ سیاستدان ملک پر مسلط کیے ہیں، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے لیے آزاد جمہوری نظام ضروری ہے ، ایم ایم اے کا مقابلہ امریکا ، روس اور ان کے غلاموں کے ساتھ ہے جو لسانیت، فرقہ واریت اور بیہودگی و فحاشی کا سیلاب لا کر پاکستان پر قابض ہونا چاہتے ہیں،یہ ملک اسلام کے لئے وجود میں آیا تھااور ہر طبقے اور فرقے کے لوگوں نے قربانیاں دی تھیںاورقائد اعظم نے قران کو اس ملک کا آئین قرار دیا تھا ۔

تیس سالوں سے نوسر باز،اداکار اور لٹیرے کراچی کے مینڈیٹ پرقبضہ کرتے رہے،اب اس بھتہ خوری کا مقابلہ کتاب کو ووٹ دے کر کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

ان شاء اللہ 25 جولائی حقیقی معنوں میں ظلم و جبر کے نظام سے نجات کا دن ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایسی ایچ ایس میں علماء کنونشن سے بھی خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن میں سو سے زائد علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے شرکت کی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

دریں اثناء سیف الدین ایڈوکیٹ نے پرانی سبزی منڈی ،فاطمہ جناح کالونی، لائنز ایریا،دھوبی پاڑہ،باجوڑی پاڑہ،محفل مرتضی سوسائٹی کے دورے کے موقع پر کارنر میٹنگوں سے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر پی ایس 105سے مجلس عمل کے امیدوار سرور علی اور پی ایس 106سے نامزد امیدوار اسلم غوری بھی موجود تھے ۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہا کہ سابقہ حکمرانوں نے عوام سے بنیادی ضروریات سلب کرلی ہیں ، عوام اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں اور 25جولائی کو نا اہل اور کرپٹ سیاستدانوں کو مسترد کرکے ’’کتاب‘‘ کے نشان پر مہرلگاکرمجلس عمل کو کامیاب بنائیں۔