عوام 25جولائی کو پیپلزپارٹی کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیںگے،عبدالجبار خان

جمعرات 19 جولائی 2018 23:58

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) پیپلزپارٹی کے رہنما اور حیدرآبادکے حلقہ پی ایس 64سے پارٹی کے نامزد امیدوار عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ عوام 25جولائی کو پیپلزپارٹی کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیںگے کیونکہ پیپلزپارٹی نے اس مرتبہ ان علاقوںمیں کام کرائے ہیں جنہیں برسوں سے نظرانداز کیاجاتا رہاہے۔ وہ لطیف آباد یونٹ نمبر12 کوہسار فیز ون ، نوناری گوٹھ میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوام کے دکھ درد میں شریک رہنے والی جماعت ہے اور عوام اس بات سے بخوبی آگاہ ہیںکہ جب بھی سندھ کے تحفظ اور عوام کے حقوق کی بات ہوتی ہے تو پیپلزپارٹی ہی میدان میںکھڑی رہتی ہے، آج بھی پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری سندھ سمیت ملک کے کونے کونے میںجاکر عوام کو حقیقت سے آگاہ کررہے ہیں اس مرتبہ عوام کسی دھوکے اور بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔ انہوں نے حلقے کے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ 25جولائی کو صبح خود اپنے اہل خانہ کو لے کر پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچیں اور پیپلزپارٹی کے انتخابی نشان تیر کو ووٹ دے کر اُن کے نمائندوں کو کامیاب کریں۔

متعلقہ عنوان :