Live Updates

محمد نواز شریف 3 مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہے ہیں جن کا لندن پراپرٹیز کے ساتھ کوئی تعلق نہیں‘ سردار ایاز صادق

جمعہ 20 جولائی 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) سپیکر قومی اسمبلی و رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف 3 مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہے ہیں جن کا لندن پراپرٹیز کے ساتھ کوئی تعلق نہیں‘محمد نواز شریف کے خلاف آنے والے عدالتی فیصلے میں بھی یہ کہا گیا ہے کہ محمد نواز شریف کے خلاف کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جمعرات کو میری دیگر رہنمائوں سمیت مریم نواز، کیپٹن صفدر اور محمد نواز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں ہم نے ان کے جذبات کو انتہائی مضبوط پایا ہے، ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ وہ جیل رہنے کے لئے آئے ہیں جانے کے لئے نہیں آئے۔

(جاری ہے)

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف نے کسی سہولت کی کمی کی کوئی شکایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف 6 کمروں کی بیرک کے ایک کمرے میں قید تنہائی کاٹ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو اڈیالہ سے سہالہ ریسٹ ہائوس منتقل کرنے کا علم نہیں کیونکہ انہیں گزشتہ روز پہلی مرتبہ اخبار پڑھنے کے لئے دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سزا کا مقصد مسلم لیگ (ن) کی محبتکو لوگوں کے دلوں سے نکالنا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کی یہ محبت اب لوگوں کے دلوں میں اور بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے اس حوالے سے میں نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات