عدالت عظمی نے ایفی ڈرین کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف حنیف عباسی کی اپیل خارج کر دی

جمعہ 20 جولائی 2018 23:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) عدالت عظمی نے ایفی ڈرین کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف حنیف عباسی کی اپیل خارج کر دی۔ جمعہ کے روز جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی اپیل پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ تو آپ کے موکل کی رضامندی سے جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

حنیف عباسی کے وکیل غلام مصطفے کندوال نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر شفاف ٹرائل ممکن نہیں ،جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ کیا دو دو ماہ کی تاریخیں دی جائیں تو ٹھیک ہے، قتل کیس کی بھی روزانہ کی بنیاد پر سماعتیں ہوتی ہے۔حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں کیس چلانے کا بھرپور موقعہ دیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے دس دن کی مہلت دی جائے تا کہ ٹرائل شفاف ہو سکے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا عدالت میں کوئی کیسے ڈکٹیٹ کرسکتا ہے کہ اس کی مرضی کے مطابق دلائل دیئے جائیں۔