علاقہ کی ترقی ہمارا مقصد ہے ،پیر عادل شاہ

ہفتہ 21 جولائی 2018 13:33

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) کوہاٹ کے نواحی جنگل خیل کی 18اقوام نے پیرعادل شاہ کے قافلے میں شامل ہوکر ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا‘ اس حمایت سے امیدوارصوبائی اسمبلی پیرعادل شاہ کی پوزیشن نہایت مستحکم ہوگئی‘ قافلے میں شمولیت کا اعلان پاکستان پیپلزپارٹی کوہاٹ کے جیالے پیرتنویرشاہ کے زیر اہتمام ان کے حجرے میں منعقدہ ایک جلسہ کے دوران کیاگیا جس میں متحدہ جنگل خیل کے عہدیداران اراکین اور علاقہ عوام کی کثیرتعدادموجود تھی ۔

تقریب سے پی پی پی کے ڈویژنل صدر نادر خان خٹک ایڈووکیٹ‘ امان ایڈووکیٹ‘ ریٹائرڈ ڈی ایس پی قاضی ساجد الدین‘ مولانا یوسف اورتحصیل کونسلرذیشان نے بھی خطاب کیا‘ پی پی پی کے صوبائی امیدوار حلقہ پی کے 82پیر عادل شاہ نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ جنگل خیل کی حمایت کا مشکور ہوں ہمارا علاقہ پسماندگی کاشکار اس لیے ہے کہ سابقہ انتخابات میں اس علاقے سے چار پانچ امیدوار کھڑے ہوتے عوام کو امیدواروں کے چنائومیں دشواری پیش آتی ان کے ووٹ تقسیم ہوکر وہ ناکام ہوجاتے اور الله کے فضل سے اس بار یہ شکایت دورہوگئی اور ان کا متفقہ امیدوار سامنے آگیاہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ ہم تبدیلی کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں بلکہ علاقہ کی ترقی ہمارا مقصد ہے نوجوانوں کو روزگار‘بے گھروں کو مکانات‘ غریبوں کی مالی اعانت پی پی پی کا منشور ہے ۔