سب کو پتہ ہے آصف زرداری نے 14لوگوں کو قتل کروایا ہے، رہنما جی ڈی اے ذوالفقار مرزا

سندھ کو کوئی بھی تقسیم نہیں کرسکتا،جب الطاف حسین نے سندھ کو تقسیم کرنے کی بات کی تو سب سے پہلے آواز میں نے ہی اٹھائی تھی آصف زرداری اور میری دشمنی الطاف حسین کے خلاف ہونے کے بعد شروع ہوئی، بدین میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) سابق وزیر داخلہ سندھ اور گرینڈ ڈیمو کریٹس الائنس (جی ڈی ای) کے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ سب کو پتہ ہے کہ آصف زرداری نے 14لوگوں کو قتل کروایا ہے، سندھ کو کوئی بھی تقسیم نہیں کرسکتا،جب الطاف حسین نے سندھ کو تقسیم کرنے کی بات کی تو سب سے پہلے آواز میں نے ہی اٹھائی تھی، آصف زرداری اور میری دشمنی الطاف حسین کے خلاف ہونے کے بعد شروع ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ آصف علی زرداری دشمنی میں اتنا آگے بڑھ گئے کہ کراچی کی عدالت میں میرے سیکیورٹی پر تشدد کروایا۔ میری سیکیورٹی کو ہٹاکر میرے فارم ہاؤس پر چڑھائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے الطاف حسین کو گود میں بٹھایا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

الطاف حسین اور زرداری نے ملکر کراچی میں زمینوں پر قبضہ کیا، بدین میں الیکشن کے دوران آئے ہوئے زرداری کے قریبی ساتھی غلام قادر مری کی جانب سے دیئے گئے بیانات اور لگائے جانے والے الزامات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غلام قادر مری زرداری کا دوست نہیں بلکہ ملازم ہے اس کے بارے میں اگر کسی سے پوچھنا ہے تو ٹنڈوالہیار اور میرپورخاص والوں سے پوچھیں جہاں پر یہ اغواہ اور بھتہ خوری میں مشہور ہے، ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ وہ غلام قادر پر مزید بات کرنا نہیں چاہتا کیوں کہ اس کی اتنی حیثیت ہی نہیں ہے جو اس پر بات کی جائے، دوسری جانب درگاہ شاہ قادری جیلانی ک سجادہ نشین پیر عادل شاہ جیلانی کی جانب سے ذوالفقار مرزا سے ملاقات کے بعد جی ڈی اے کے امیدواران کی حمایت کا اعلان کردیا گیا ہے، ذوالفقار مرزا اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پیر عادل شاہ کی حویلی جاکر ان سے ملاقات کی اور ان کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔