ترکی صدر طیب اردگان کامسلم لیگ (ن )کے صدر شہبازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ

طیب اردگان کا مستونگ اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اتوار 22 جولائی 2018 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) ترکی کے صدر طیب اردگان نے ترکی اور پاکستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کے کردار کو سراہا ہے ۔وہ گزشتہ روز ٹیلی فون پر میاں شہباز شریف سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی ترکی کے صدر طیب اردگان نے مستونگ اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول میں اکٹھے ہیں طیب اردگان نے میاں شہباز شریف سے بیگم کلثوم نواز کی صحت کے بارے میں پوچھا اور ان کی جلد از جلد صحت یابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ،انہوں نے بالخصوص میاں نوازشریف کے بارے میں دریافت کیا اور ان تک نیک خواہشات پہنچانے کے لئے کہا،میاں شہباز شریف نے ترکی کی مدد سے پاکستان میں غربت کے خاتمہ اور ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا، طیب اردگان نے میاں شہباز شریف کو یقین دلایا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر موقع پر ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا ۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے ترکی اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے باہمی رابطے قائم.رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔