ْآزادانہ، منصفانہ غیر جانبدادارنہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکورٹی بڑھائی جائے

24 گھنٹے گشت کو یقینی اور الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو ضروری سکیورٹی مہیا کی جائے وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید کی پنجاب پولیس کا ہدایت، انتخابات کیلئے تیار کئے گئے حتمی سکیورٹی پلان کے اہم نکات میڈیا کے سامنے پیش کئے

پیر 23 جولائی 2018 20:14

ْآزادانہ، منصفانہ غیر جانبدادارنہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2018ء) وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے پنجاب پولیس کو ہدایت کی ہے کہ آزادانہ، منصفانہ غیر جانبدادارنہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکورٹی بڑھائی جائے، 24 گھنٹے گشت کو یقینی بنایا جائے اور الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو ضروری سکیورٹی مہیا کی جائے۔ پیر کو یہاں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران صوبائی وزیر داخلہ نے انتخابات کیلئے تیار کئے گئے حتمی سکیورٹی پلان کے اہم نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں141 قومی اسمبلی اور 297 پنجاب اسمبلی کے حلقوں کے لئے قائم کردہ تمام پولنگ سٹیشنوں میں انتخابی مواد پہنچانے کیلئے 47837 فوجی جوان ڈیوٹی دیں گے جبکہ فوجی جوان الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق پولنگ سٹیشنوں پر بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ایک لاکھ 31 ہزار اہلکاروں اور 8 ہزار 500 پولیس قومی رضاکاروں کی بھاری نفری تمام پولنگ اسٹیشنوں کے ارد گرد دن رات کو گشت کرے گی، ریزرو پولیس اور اینٹی رائیٹس فورس بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضلعی پولیس آفیسرز کی ڈسپوزل پر ہو گی جبکہ سول انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پنجاب رینجرز کے دستے بھی مدد کے لئے طلب کر سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کے باہر لاء اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہوگی، کسی کو بھی ووٹرز کو دھمکانے یا ان کے شناختی کارڈ چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی ایسی شکایت کی صورت میں جوان اپنے سینئرز اور الیکشن کمیشن کو بھی اسکے بارے میں مطلع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو ان حلقوں میں بہت زیادہ الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہے جہاں انتہائی سخت انتخابی مقابلوں کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہم سڑکوں پر اور پولنگ سٹیشنوں کے ارد گرد پولیس کی بھاری نفری تعیات کی جائے گی تاکہ صورتحال قابو میں رہے۔ شوکت جاوید نے کہا کہ تمام کمشنرز، ریجنل ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ سکیورٹی پلان کو اس کی روح کے مطابق نافذ کیا جائے اور کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ووٹرز کو کسی بھی دباؤ کے بغیر ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع ملنا چاہیئے جتنے زیادہ لوگ ووٹ ڈالنے کے لئے باہر آئیں گے انتخابات اتنے ہی زیادہ شفاف ہونگے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں الیکشن کمیشن کے آئینی مینڈیٹ کے مطابق منعقد ہوں گے۔