(ن) لیگ ہمدردی کاووٹ حاصل کرنیکی ناکام کوششیں کر رہی ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

عوام نے 25جولائی کوکسی دھونس میں آنیکی بجائے اپنے بچوں کے مستقبل کو ووٹ دینا ہے (ن) کے رہنما نیاز محمد خان کا سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

پیر 23 جولائی 2018 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، حلقہ این اے 127سے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) 25جولائی کی واضح شکست کو دیکھتے ہوئے بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، کارکردگی نہ ہونے کی وجہ سے ہمدردی کے ووٹ حاصل کرنے کی ناکام کوششیں جاری ہیں،نواز شریف اور ان کی صاحبزادی عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے پر نہیں بلکہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے پر جیل کی سلاخوںکے پیچھے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 127میں انتخابی مہم کے آخری روز مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما نیاز محمد خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں مسرت جمشید چیمہ ، کوثر خان درانی ، تجمل حسین ، ڈاکٹر جاوید اقبال،چوہدری امانت علی اور دیگر بھی موجود تھے۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عوام نے کل پچیس جولائی کو کسی بھی دھونس میں آنے کی بجائے اپنے بچوں کے مستقبل کو ووٹ دینا ہے ۔ موجودہ حالات میں ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے اس کی ذمہ داری کئی دہائیوں سے باریاں لینے والی پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں عوام کی محرومیاں بھی دور ہوں گی اور ملک بھی حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔