لیہ، گرمی کی شدت سے پولنگ آفیسرطاہر رضا رضوی اور 2ووٹر خواتین جاں بحق

بدھ 25 جولائی 2018 21:15

لیہ، گرمی کی شدت سے پولنگ آفیسرطاہر رضا رضوی  اور 2ووٹر خواتین جاں ..
لیہ۔25جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2018ء) الیکشن ڈیوٹی کے دوران گرمی کی شدت کی وجہ سے پولنگ آفیسراورووٹ ڈالنے کیلئے آنیوالی دو خواتین جاں بحق ہوگئیں،تفصیلات کے مطابق این اے 188 اورپی پی283کے پولنگ اسٹیشن نمبر 247گورنمنٹ ہائی سکول بستی جیسل میں پولنگ آفیسر کی ڈیوٹی پر مامور طاہر رضا رضوی گرمی کی شدت اور شوگر کم ہونے پر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے، اسی طرح این اے 188 اورپی پی284کے پولنگ اسٹیشن نمبر 26گورنمنٹ ایم سی پرائمری سکول نمبر 1لیہ میں ووٹ ڈالنے کیلئے آنیوالی 60سالہ بوڑھی خاتون آمنہ بی بی گرمی کی شدت سے بے ہوش ہوکر گر پڑی اور ابتدائی طبی امداد کے دوران جاں بحق ہوگئی، آمنہ بی بی سماجی کارکن ندیم انصاری کی والدہ تھیں، اسی طرح این اے 188 اورپی پی283کے پولنگ اسٹیشن نمبر 190,191موضع بیٹ بلوچ خان گورنمنٹ پرائمری سکول بلوچ خان میں ووٹ ڈالنے کیلئے آنیوالی 60سالہ بوڑھی خاتون لعل مائی زوجہ فقیر محمد بھی گرمی کی شدت کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی۔