پاکستان پیپلزپارٹی سندھ اسمبلی کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی

جمعہ 27 جولائی 2018 22:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2018ء) صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے تصدیق شدہ نتائج کے مطابق سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی اب تک 71 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی130جنرل نشستوں میں سے 118 حلقوں کے نتائج کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف20نشستوں کے ساتھ دوسرے اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(ایم کیو ایم)12 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی ای)11،تحریک لبیک پاکستان 2 اور متحدہ مجلس عمل(ایم ایم ای)اب تک ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں جبکہ19حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ایک نشست پر انتخاب امیدوار کے انتقال کے باعث ملتوی کردیاگیاہے۔سندھ اسمبلی کے 168 نشستوں میں سے 130 جنرل نشستیں ہیں جب کہ 29 نشستیں خواتین کے لیے اور 9نشستیں غیرمسلموں کے لیے مختص ہیں۔سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ(ن)، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پاکستان تحریک لبیک،گرینڈ ڈیموکریٹک لائنس اور پاک سرزمین پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدواروں نے بھی عام انتخابات میں حصہ لیا۔