لاہور کالج سمیت 15یونیورسٹیوں کو مکمل خود مختاری دینے کا منصوبہ زیر غور ہے، چیئرمین ایچ ای سی

پیر 30 جولائی 2018 20:54

لاہور۔30جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے چیئرمین نے کہا ہے کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سمیت ملک کی 15جامعات کو مکمل خود مختاری دینے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے دورے کے دوران وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرفرخندہ منظور اور سینئر اساتذہ اور منیجمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے چئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ وہ لاہور میں اپنے دورے کا آغاز لاہور کالج سے کر رہے ہیں جس کا ویمن ایجوکیشن میں ایک معتبر نام ہے۔

مکمل خود مختاری سے جامعات کو نئے تعلمی پروگرام شروع کرنے کیلئے ایچ ای سی کے این او سی کی ضرورت نہ ہوگی۔ تاہم انہوں نے مشورہ دیا کہ جامعات کو نئے تعلیمی پروگرام شروع کرنے سے قبل اپنے وسائل اور انفراسٹرکچر کے علاوہ مارکیٹ میں متعلقہ پروگرام کی ڈیمانڈ کو مد نظر رکھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

معتدل ذہن کے گرایجویٹ پیدا کرنا جامعات کا نصب العین ہونا چاہئے۔ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرفرخندہ منظور نے اس موقع پر بتایا کہ لاہور کالج ایشیاء کی سب سے بڑی ویمن یونیورسٹی ہے اور یونیورسٹی نے کوالٹی ایجوکیشن کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی قابل اور ذہین طالبات کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرتی ہے اور ایک خطیر رقم سکالر شپ اور مالی اعانت کیلئے مخصوص کی ہے ۔