میٹرو بس کے بغیر زندہ رہا جا سکتا ہے پانی کے بغیر نہیں

یہ منصوبے سہولت ہیں، لیکن سہولت سے زیادہ زندگی اہم ہے،میٹرو بس اور اورنج ٹرین بنانے کے لیے پیسے ہیں اور ڈیم بنانے کے لیے نہیں،سپریم کورٹ نے اسلام آباد، پنڈی میں ڈھڈو چا ڈیم کی عدم تعمیرپر پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 31 جولائی 2018 14:11

میٹرو بس کے بغیر زندہ رہا جا سکتا ہے پانی کے بغیر نہیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31جولائی 2018ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد، پنڈی میں ڈھڈو چا ڈیم کی عدم تعمیر پر ازخود نوٹس لے لیا۔سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا۔دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ بتایا جائے اتنا وقت گزر گیا ڈیم کی تعمیر شروع کیوں نہیں ہو سکی؟۔جس کا جواب دیتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پہلے بحریہ ٹاؤن اور ڈی ایچ اے نے زمین خریدی۔

چیف جسٹس نے اسفتسار کیا کہ یہ ڈیم کہاں ہے ؟ تو اعتزاز احسن نے جواب دیا کہ یہ ڈیم کورنگ نالے پر ہے۔سپریم کورٹ نے سائٹ ٹو پر ڈیم بنانے کی بات نہیں مانی،جسٹس جواد ایس خواجہ نے سائٹ ٹو پر ہی ڈیم بنانے کا حکم دیا تھا۔تو چیف جسٹس نے پوچھا کہ ابھی تک ڈیم بنا کیوں نہیں ؟۔اعتزاز احسن نے جواب دیا کہ پنجاب حکومت کہتی ہے کہ ہمارے پاس پیسے نہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ میٹرو بس اور اورنج ٹرین بنانے کے لیے پیسے ہیں اور ڈیم بنانے کے لیے نہیں۔ان منصوبوں کے بغیر زندہ رہا جا سکتا ہے لیکن پانی کے بغیر نہیں۔میں نہیں کہتا کہ لاہور اور ملتان میں میٹر نہیں بننی چاہئیے تھی۔یہ سہولت ہے اور سہولت سے زیادہ زندگی اہم ہے۔اعتزاز احسن نے بتایا کہ بحریہ ٹاؤن 12سے 15ماہ کے درمیان مکمل ڈیم کی تعمیر کے لیے تیار ہے۔

پنجاب حکومت جو ورک ہو چکا ہے اس کی فائل دے دے۔یاد رہے اس سے پہلے چیف جسٹس باقی ڈیموں کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اور انہوں نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے فنڈ اکھٹا کرنے کی غرض سے ایک بنک اکاؤنٹ بھی بنایا ہے جس میں اب تاک پاک فوج سمیت کئی سرکاری و غیر سرکاری ادارے فنڈ جمع کروا چکے ہیں۔جب کہ بچوں نے بھی فنڈ جمع کروانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔