پاک فوج کا ریسکیو آپریشن ; ریسکیو کیے گئے روسی کوہ پیما نے پاک آرمی کا شکریہ ادا کردیا

میں پاکستان کے لوگوں سے بے حد متاثر ہوا ہوں۔ روسی کوہ پیما کا ویڈیو پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 1 اگست 2018 14:05

پاک فوج کا ریسکیو آپریشن ; ریسکیو کیے گئے روسی کوہ پیما نے پاک آرمی کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اگست 2018ء) : پاک فوج نے گذشتہ روز شمالی علاقہ جات میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے انتہائی مشکل آپریشن کر کے لاتوک 1چوٹی پر 6دن سے پھنسے روسی کوہ پیما کو بچا لیا۔ روسی کوہ پیما نے پاک آرمی کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ سی ایم ایچ اسپتال میں زیر علاج روسی کوہ پیما ایلگزینڈر گوکوف کا کہنا تھا کہ میں ریسکیو آپریشن کرنے پر پاک آرمی کا شکرگزار ہوں۔

ہیلی کاپٹر کے پائلٹ اور گاڑی چلانے والے ڈرائیورز تک میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے بچانے کی بھرپور کوشش کی۔ روسی کوہ پیما نے کہا کہ مجھے پاکستانی لوگ پسند ہیں، میں پاکستانیوں سے بے حد متاثر ہوا ہوں۔ پاکستان کے لوگ دوستانہ ، خیال رکھنے والے اور بہادر ہیں۔

(جاری ہے)

ویڈیو پیغام میں روسی کوہ پیما نے پاکستان اور روس کے لیے ''زندہ باد'' کا نعرہ بھی لگایا۔



گذشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق روسی کوہ پیما ایلگزینڈر گوکوف 25 جولائی سے 20 ہزار650 فٹ کی بلندی پر لاتوک پیک پر پھنسا ہوا تھا۔

کوہ پیما کے پاس تین روز سے کھانے پینے کی اشیا بھی ختم ہوگئی تھیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق انتہائی خراب موسم کے باوجود ریسکیو کی کوششیں 26جولائی سے جاری تھیں اور آخر کار انتہائی مشکل آپریشن کے بعد منگل کی صبح ایلگزینڈر گوکوف کو بچا لیا گیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ میں زیر علاج روسی کوہ پیما کی عیادت کی اور جلد صحت یابی  کے لیے دعا بھی کی ۔