Live Updates

وزیراعظم کے عہدے کے لیے تقریب حلف برداری، شیروانی اور جناح کیپ پہنئے گا

کھلاڑیوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان سے مطالبہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 اگست 2018 14:54

وزیراعظم کے عہدے کے لیے تقریب حلف برداری، شیروانی اور جناح کیپ پہنئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کو لے کر سوشل میڈیا پر ایک الگ ہی بحث چھڑی ہوئی ہے۔ متوقع وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کے حوالے سے عمران خان کو کئی آپشنز دی گئیں ، ان کو مختلف جگہوں کا انتخاب کرنے کے حوالے سے تجاویز بھی دی جاتی رہیں۔

لیکن سکیورٹی اداروں نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کسی عوامی مقام پر تقریب حلف برداری کے انعقاد کی تجویز کو مسترد کر دیا تاہم اب عمران خان سے نیا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ کپتان کے کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر عمران خان سے تقریب حلف برداری میں شیروانی اور جناح کیپ پہننے کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ عمران خان کو سوشل میڈیا پر بانی پاکستان قائد اعظم کے ساتھ ملایا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ جیسے قائد اعظم ایک عظیم لیڈر تھے ، عمران خان بھی انہی کے نقش قدم پر چل کر عوام کے دل جیت رہے ہیں اسی لیے ہم وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے تقریب حلف برداری میں عمران خان کو شیروانی اور جناح کیپ پہنے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ عمران خان کو تقریب حلف برداری میں شیروانی اور جناح کیپ ہی پہننی جائے ، وہ عمران خان پر خوب جچے گی۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پہلے مرحلے میں 11رکنی کابینہ کے ساتھ حلف اٹھائیں گے ۔ عمران خان کی 11رکنی کابینہ ''پاکستان الیون'' کے نام سے حلف اُٹھائے گی۔ 11 رکنی متوقع کابینہ کے اراکین میں اسد عمر، خسرو بختیار، شیریں مزاری، چودھری سرور، ڈاکٹر عارف علوی، شیخ رشید ، فواد چودھری ، طارق بشیر چیمہ،پرویز خٹک، غلام سرور خان شامل ہوں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آج 7 اگست کو ارکان اسمبلی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے جبکہ 10 اگست تک آزاد ممبران سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کریں گے اور اسی طرح 11 اگست کو مخصوص نشستوں کے لیے اقلیتی اور خواتین ممبران کے نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن سے جاری کئے جائیں گے۔ جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلایا جائے گا۔

13 اگست کو ارکان حلف اُٹھائیں گے جبکہ اسپیکرقومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخابات بھی 13 اگست کو ہی متوقع ہے جس کے بعد 15 اگست کو ممکنہ طور پر وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔ وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہی منعقد کی جائے گی جس میں چند مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا اور ان مہمانوں میں 1992ء کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ عمران خان کی تقریب حلف برداری کو لے کر سوشل میڈیا صارفین بھی کافی پُرجوش ہیں اور کپتان کو دلچسپ تجاویز پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات