مُلکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا کا بینک اکاؤنٹ کھُل گیا

منظور نامی خواجہ سرا کا ملتان کی برانچ میں زندگی آسان اکاؤنٹ کھولا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 8 اگست 2018 12:37

مُلکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا کا بینک اکاؤنٹ کھُل گیا
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اگست 2018ء) : پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خواجہ سرا کا بینک اکاؤنٹ کُھل گیا۔ترجمان نجی بینک نے بتایا کہ منظور نامی خواجہ سرا کا ملتان کی برانچ میں زندگی آسان اکاؤنٹ کھولا گیا ۔ مزید برانچیں بھی خواہش مند خواجہ سراؤں کے اکاؤنٹ کھولیں گی۔اس موقع پر خواجہ سراء منظور کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کا اپنے پیسے حفاظت سے رکھنا ایک بہت بڑا مسئلہ تھا میں نے ایک ہزار روپے سے اپنا بنک اکاؤنٹ کھولا ، منظور نے کہا کہ بنک اکاؤنٹ کھُلنے پر میں بے حد خوش ہوں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں پاکستانی معاشرے میں خواجہ سراؤں کو ایک اہم مقام حاصل ہوا ہے۔ نیوز اینکر مارویہ پاکستان کی سب سے پہلی خواجہ سرا نیوز اینکر ہے۔ خواجہ سرا کے نیوز اینکر بننے کے بعد پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں بھی خواجہ سراؤں کے لیے ایک اسکول کا آغاز کیا گیا جو 15 اپریل کو کھولا گیا۔

(جاری ہے)

اس اسکول کا نام '' دی جینڈر گارڈین'' رکھا گیا جس میں خواجہ سراؤں کو پیشہ ورانہ اور تعلیمی ٹریننگ دی جاتی ہے۔

اس اسکول کا قیام آصف شہزاد اور ایکسپلورنگ فیوچر فاؤنڈیشن نے کیا۔ اس اسکول میں 12 سالہ تعلیمی نظام ہے جس کے لیے تقریباً 40 سے زائد خواجہ سراؤں نے اسکول کھُلنے سے پہلے ہی اپنا نام رجسٹرڈ کروادیا تھا۔ اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی ٹریفک وارڈن ڈرائیونگ اسکولز میں پہلی مرتبہ 7 خواجہ سراؤں نے ڈرائیونگ کورس مکمل کر کے سرٹیفیکٹ حاصل کیے تھے۔

یہی نہیں بلکہ عام انتخابات 2018ء میں بھی پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خواجہ سرا نے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔ نایاب علی نامی خواجہ سرا نے عام انتخابات 2018ء میں پنجاب کے حلقہ این اے 141 اوکاڑہ سے آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ عام انتخابات 2018ء میں خواجہ سراؤں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خواجہ سراؤں کو بھی معاشرے میں ایک مقام دے دیا گیا ہے۔ جبکہ معاشرے نے بھی ان وجود کو تسلیم کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں خواجہ سراؤں کی خدمات حاصل کرنا شروع کر دی ہیں۔