سپریم کورٹ نے ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو عدالت عدم حاضری پر 20 ہزار روپے جرمانہ کیا

بدھ 8 اگست 2018 23:30

سپریم کورٹ نے  ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو عدالت عدم حاضری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) سپریم کورٹ نے انڈیپنڈنٹ میڈیا گروپ کی توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کر تے ہوئے ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو عدم حاضری پر 20 ہزار روپے جرمانہ کیا ہے اور ہدا یت کی ہے کہ اس جر ما نے کی رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرائی جائے، بدھ کو چیف جسٹس میا ں ثا قب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پرچیف جسٹس نے عامر لیاقت کے وکیل سے کہا کہ آپ کے موکل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست آئی ہے ان کوعدالت میں حاضر ہونا چاہیے تھا لیکن وہ نہیں آئے ، اس لئے عدالت عامر لیاقت کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیتی ہے ، عدالت کو انڈیپنڈنٹ میڈیا گروپ کے وکیل فیصل صدیقی نے بتایا کہ یہ نفرت انگیز تقریر کا معاملہ ہے، لوگوں پر گستاخ مذہب کے الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیںاب ان کے خلاف تو ہین عدالت کی کاروائی کی جائے، فیصل صدیقی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت نے اپنے پروگرام میں لوگوں پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیںجسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عدالت کوبتایا جائے کہ الزامات کن لوگوں پر لگائے گئے تھے۔

(جاری ہے)

جس پردرخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سیاستدانوں اور عام شہریوں پر بھی الزامات لگائے گئے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ اگرکوئی فرد اپنے آپ کو سکالر سمجھ کر فتوے جاری کر تاہے، تویہ درست نہیں، عامر لیاقت کو فورًا بلایا جائے جس پر عامر لیاقت کے وکیل نے استدعاکی کہ ہمیںایک دن کی مہلت دی جائے۔ توچیف جسٹس نے ان سے کہا کہ مہلت نہیں دی جاسکتی آپ مقدمہ لڑیںاورعدالت میں دلائل دیں ، کیونکہ عدالت میںعامر لیاقت نے نفرت انگیز پروگرام نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی، ہمیں بتایا جائے کہ کیا عامر لیاقت اب بھی نفرت انگیز پروگرام کر رہے ہیں ،فاضل وکیل نے کہا کہ عامر لیاقت اب بھی بول ٹی وی سے منسلک ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت عامر لیاقت کا پروگرام چلا کردیکھے گی اظہار رائے کی آزادی کا حق ہرگز مادر پدر آزادی نہیں،میرے آفس نے بھی مجھے بتایا تھا کہ عامر لیاقت عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ عامر لیاقت کے الفاظ نہیں باڈی لینگوئج بہت کمال کی ہے، جبکہ کسی کی تضیحیک کے لیے باڈی لینگوئج ہی کافی ہے اگر پروگرام میں خلاف ورزی ہوئی ہے تو عدالت کاروائی کرے گی ۔

اگر نفرت انگیز تقاریر چل رہی ہیں تو پروگرام بند کروا دیں گے، فا ضل وکیل نے عدالت کوآگاہ کیاکہ ہر پروگرام کا ٹرانسکرپٹ عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ توچیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی حکم کی بے قدری برداشت نہیں کی جائے گی، کل تک تمام سی ڈیز اور متن عدالت میں پیش کئے جائیں ، بعدازاں عدالت نے عدم حاضری پر عامر لیاقت کو بیس ہزار روپے جرمانہ کر تے ہوئے جرمانے کی رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرنے کی ہدایت کی اور مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔