عیدالضحیٰ 22 اگست بروز بدھ کو منائی جائے گی

ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا، رویت ہلال کمیٹیوں کوملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 12 اگست 2018 20:27

عیدالضحیٰ 22 اگست بروز بدھ کو منائی جائے گی
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اگست 2018ء) : مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذوالحجہ کے چاند کا اعلان کردیا ہے، ملک بھر میں عیدالضحیٰ 22 اگست بروز بدھ کو مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں ذالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی نے اپنی کاروائی شروع کردی ہے۔

اجلاس میں محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہیں۔اسی طرح ملک بھر میں زونل ہلال کمیٹیوں کے اجلا س بھی ہوئے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر کے زیادہ تر علاقوں میں مطلع ابر آلود تھا۔تاہم رویت ہلال کمیٹیوں کو ملک بھر میں چاند نظر آنے شہادتیں موصول ہوئی۔ لسبیلہ، بلوچستان سے بھی رویت کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

رویت کی شہادتوں کے پیش نظر آج چاند نظر آگیا ہے۔ سوموار کویکم ذالحجہ ہوگی اور عیدالضحیٰ بدھ 22 اگست کو ہوگی۔اس سے قبل محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی عمر 28 گھنٹے اور 28منٹ ہے۔جنوبی پنجاب، سندھ میں چاند دیکھنے کا قوی امکان ہے۔ تاہم اسلام آباد میں مطلع ابر آلود ہے۔ جس کے باعث اسلام آباد میں چاند دکھائی دینے کے کم امکانات ہیں۔ دوسری جانب لوگوں نے عید الضحیٰ مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منانے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

بازاروں میں عید کی شاپنگ کرنے کیلئے لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ جبکہ اسی طرح عیدالضحیٰ چونکہ عید قربان بھی ہے۔ جس کے پیش نظر گلی محلوں میں بھی قربانی کے جانوروں کی میں میں شروع ہوگئی ہے۔اسی طرح لوگوں نے مویشی منڈیوں کا بھی رخ کرلیا ہے۔ مویشی منڈیوں میں عید پر قربانی کیلئے بکرے ، چھترے اور گائے اور بعض مقامات پر اونٹوں کی قربانی کیلئے جانوروں کا رش لگا ہوا ہے۔ لوگ اپنی مالی حیثیت کے مطابق سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانورخرید کر قربانی کریں گے۔