71 یوم آزادی، صبح 8:58 بجے ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے،

وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائیگی

پیر 13 اگست 2018 13:29

71 یوم آزادی، صبح 8:58 بجے ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے،
فیصل آباد۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) اسلامی جمہوریہ پاکستان کا 71واں یوم آزادی کل منگل کے روزملی جوش و خروش، قومی جذبے ،تزک و احتشام، انتہائی پر وقار، سادہ مگر شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر تمام سرکاری عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے جائیں گے اور صبح 8:58بجے ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے اور ہر قسم کی ٹریفک سمیت جو شخص جہاں ہو گا فوری طور پر رک جائے گا جبکہ اس موقع پر ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی جس کا مقصد تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدو جہد میں جام شہادت نوش پانے والے غیوربزرگوں، بھائیوں سمیت غازیوں اور جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا ہے۔

آج صبح وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائیگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تمام شہروں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہونگی جبکہ وفاقی و صوبائی دارالحکومت میں اہم حکومتی شخصیات پرچم کشائی کے علاوہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ او رشاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے مزاروں پر حاضری دیں گی ،پھولوں کی چادریں چڑھائیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی۔

ا س موقع پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہو گی۔ جشن آزادی کی تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے کیلئے تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارات کو برقی قمقموں ، سبز ہلال پرچموں ، رنگ برنگی جھنڈیوں ، جھنڈوں ، تحریک پاکستان کے ہیروزکے قدآدم پورٹریٹس ، فلیکس سائنز سے خوبصورتی سے سجا یا گیا ہے ۔ اس موقع پر پوری قوم بیک زبان ہوکر اس عزم کا اعادہ کریگی کہ جس طرح 1947ء میں پوری قوم کو ایک ملک کی ضرورت تھی اسی طرح اب ملک کو ایک قوم کی ضرورت ہے جو اپنے وطن عزیز کو جنت نظیر خطہ بنانے کیلئے کسی بھی قسم کے امتیاز ، رنگ و نسل ، عہدے و مرتبے ، بڑے چھوٹے ، امیر غریب کی تفریق سے بالا تر ہو کر پوری ملت کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر یہ ثابت کر دے کہ ان کے دکھ سکھ سانجھے ہیں اور وہ کسی بھی قدرتی آفت ، آزمائش ،مشکل کی گھڑی میں ثابت قدم رہیں گے ۔

یوم آزادی کے موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کی آخری آرام گاہوں پر حاضری دی جائے گی اور پھولوں کی چادریں چڑھانے سمیت فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی۔ یوم آزادی کے موقع پر مسلم لیگ ، نظریہ پاکستان فائونڈیشن ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ ، پاکستان لورز فیڈریشن اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز ، کانفرنسز ، خصوصی تقریبات کا سادگی سے اہتمام کیا جائے گا۔

مقدس صبح کا آغاز نماز فجر کے وقت قرآن خوانی اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکا م ، آئین و قانون کی بالادستی ، اسلام کی سر بلندی، آئی ڈی پیز کی بحالی،ملکی خوشحالی، قومی فلاح ، علاقائی تعمیر و ترقی ، اندرونی و بیرونی خلفشار سے نجات ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، اتحاد بین المسلمین کے فروغ ، دہشت گردی ، انتہا پسندی کے خاتمہ ، مہنگائی ، غربت ، بے روز گاری ، افرا تفری ، بد امنی ، قدرتی آفات سے نجات ، اتحاد و بھائی چارے ، اخوت و یگانگت کی فضا کے قیام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

یوم آزادی کے موقع پر مختلف تقریبات کے دوران طلباء و طالبات قومی ترانے و ملی نغمے پیش کریں گے اور اس موقع پرقرات و نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا جائیگا ۔جشن ۱ٓزادی کے موقع پر پنجاب پولیس ، محکمہ جیل خانہ جات ، سول ڈیفنس ، قومی رضاکاران اور ریسکیو 1122کے دستے مارچ پاسٹ کریں گے۔جشن آزادی کے سلسلہ میں تعلیمی اداروں میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریری مقابلوں کابھی اہتمام کیا جائیگا نیز جیلوں اور ہسپتالوںمیں خصوصی پروگرامات کا بھی انعقاد ہو گا۔

یوم آزادی کے موقع پر محکمہ جنگلات کی جانب سے پھولوں کی نمائش بھی کی جائیگی۔ 14 اگست کو یوم آزادی پاکستان یوں تو ہر سال ایک قومی تہوار کی حیثیت سے منایا ہی جاتاہے لیکن اس میں عوامی رنگ نہ ہو تویہ ایسے ہی ہے جیسے ساون بن برسے گزر جائے۔ فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر بڑے و چھوٹے شہروںمیںیوم آزادی کی خاص گہما گہمی نظر آ رہی ہے ۔

علاوہ ازیں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ، ویگنوں ، بسوں ، رکشوں ، تانگوں پر لہراتے سبز ہلالی پرچموں نے عجیب سماں پیدا کر دیا ہے ۔تحریک پاکستان کے کارکنان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو متحد ہو کر امن ، اخوت ، محبت کے درس کو عام کرنے کا عہد کر نا ہو گا۔ مزید برآں یوم آزادی کے موقع پر آج رات کو تمام شہروںمیں چراغاں بھی کیا جائیگاجس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں ہسپتالوں، جیلوں، فائونٹین ہائوس، سینئر سٹیزن ویلفیئر ہوم، ایس او ایس ویلیج، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، دارالامان ،صنعت زاروں میں مٹھائیاں، پھل اور خصوصی کھانے بھی تقسیم کئے جائیں گے۔