تحریک انصاف کی حکومت ملکی مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لے گی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی پی ٹی وی سے گفتگو

منگل 14 اگست 2018 09:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لے گی۔ پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو تعلیم و صحت سمیت پینے کے صاف پانی کے چیلنجز کا سامنا ہے جن کے حل کے لیے موثروٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ اور سستے اور فوری انصاف کی فراہمی نئی حکومت کی ترجیح ہو گی۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ مضبوط اپوزیشن ملکی بہتری کے لیے فائدہ مند ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو مختلف معاملات میں حکومت پر چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔