Live Updates

عمران اسماعیل سندھ کے ایک بہترین گورنر ثابت ہونگے،یونائٹیڈ بزنس گروپ

عمران خان کے تبدیلی پروگرام پرعمل کرینگے،ایس ایم منیر،افتخار علی ملک،خالدتواب،رئوف عالم،حنیف گوہر،زبیرطفیل

منگل 14 اگست 2018 15:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں برسراقتداریونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے لیڈران نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نامزد وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے عمران اسماعیل کو سندھ کا گورنر نامزد کئے جانے پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،چیئرمین افتخار علی ملک ،سیکریٹری جنرل زبیرطفیل،ترجمان گلزار فیروز،چیئرمین سندھ ریجن خالدتواب،سابق صدر ایف پی سی سی آئی عبدالرئوف عالم،سابق نائب صدرحنیف گوہر،ملک خدابخش نے عمران اسماعیل کو سندھ کا نیا گورنرنامزد کئے جانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران اسماعیل سندھ کے ایک بہترین گورنر ثابت ہونگے اور یقیناً وہ ایک متحرک گورنرثابت ہونگے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ عمران اسماعیل ایک بزنس فیملی کے فرد ہیں اور کراچی سمیت صوبے بھر میں تجارت اور صنعت سے وابستہ مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں،نامزد گورنر سندھ کی جانب سے صوبے کی ترقی کے لئے نیا ٹرینڈ لانے کا اعلان خوش آئند ہے جبکہ نامزد وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی دورہ ایف پی سی سی آئی کے موقع پر کراچی کے مسائل کے حل کا وعدہ کرچکے ہیں۔

سیکریٹری جنرل یو بی جی اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیرطفیل نے کہا کہ نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے متحرک گورنربننے کا اعلان شہرقائد کیلئے مفید ثابت ہوگا اور امید ہے کہ تبدیلی کے نعرے کو حقیقی کامیاب بنانے کیلئے وہ عمران خان کے پروگرام پرعمل کرینگے ۔ یو بی جی ترجمان گلزار فیروزنے کہا کہ عمران اسماعیل کی گورنرسندھ کی حیثیت سے نامزدگی پاکستان کے آئندہ نامزدوزیراعظم عمران خان کا ایک بہترین فیصلہ ہے اور قوی امید ہے کہ عمران اسماعیل صوبے میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے سمیت کراچی کی بزنس کمیونٹی اور صنعتی شعبے کے مسائل ختم کرانے کی بھرپور کوششیں کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات