ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پرچم کشائی کی تقریب

منگل 14 اگست 2018 22:35

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی نظریہ کے بنیاد پر بننے والی دنیا کی دوسری مملکت ہے، جو ریاست مدینہ کے بعد وجود میں آئی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں جشنِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس سے پہلے ٹھیک صبح آٹھ بجے پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے پرچم فضامیں بلند کرکے جشنِ آزادی کی تقریبات کا افتتاح کیا۔ تقریب میں موجود تمام شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر ز پروفیسر ڈاکٹر محمد مسرور، پروفیسر ڈاکٹر خاور سعید جمالی، پروفیسر ڈاکٹر زرناز واحد، رجسٹرار پروفیسر امان اللہ عباسی، پروفیسر زیبا حق،ایم ایس ڈائو یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شجاع فرخ، پروفیسر ڈاکٹر شاہین شرافت، پروفیسر ڈاکٹر نثار رائو سمیت سینئر فیکلٹی ممبرز اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہا کہ قائدِ اعظم نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر برِصغیر کے مسلمانوں کوایک پلیٹ فارم پر منظم کیا اور تحریک کو منزل دی، حضرت علامہ اقبال کے خواب کو تعبیر دی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ عشروں سے ملک تعلیم کی ترقی کا سفر اس سمت میں آگے نہیں بڑھ رہا جس کی ملک کو ضرورت ہے، اب ہماری کوشش ہے کہ قائدِ اعظم کے ویژن کے مطابق ملک کو تعلیم کی ترقی کے سفر پر گامزن کرکے دنیا کی جدید مملکت بنائیں، اس ملک کو دنیا کی عظیم مملکت بنائیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد مسرور نے کہا کہ 14اگست ہمارے لیے مسرت کا دن ہی نہیں بلکہ تجدیدِ عہدکا دن بھی ہے، اس عہد کی تجدید کا جو ہمارے بزرگوں نے کیا تھاکہ پاکستان پر اپنا آج قربان کرکے اسکے کل کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے اس کا عملی ثبوت بھی دیا۔آج یہ ذمہ داری ہم پر آگئی ہے،ہمیں بزرگوں کے نقشِ قدم پر چلناہے۔پروفیسر ڈاکٹر زرناز واحد نے طلباو طالبات سے خطاب میں کہا کہ طلبا ہی پاکستان کا سرمایہ ہیں، قائدِ اعظم محمد علی جناح نے طلبا کو اس ملک کا مستقبل کہا، آپ ہی ہمارا مستقبل ہیں، پاکستان کو ترقی کے سفر پر آگے لے کر جانا اب آپ کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر طلباو اساتذہ نے ملی نغمے بھی پیش کئے، جبکہ ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے مختلف انسٹیٹیوٹس کے طلبا نے ٹیبوز پیش کیے، جن پر شرکا نے دل کھول کر سراہا اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔