گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

استعفے کی منظوری کے بعد دوبارہ وکالت کی پریکٹس کا آغاز کروں گا ‘ ہائیکورٹ بار میں گفتگو

بدھ 15 اگست 2018 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ۔لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک رفیق رجوانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے میرے اوپر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا میں نے اس سے عہدہ براں ہونے کی حتی الامکان کوشش کی ۔ میرے لئے اعزاز ہے کہ میں استعفیٰ دینے کے بعد اپنی بار میں موجود ہوں ۔

میںنے اپنی عملی زندگی کا آغاز وکالت سے کیا اور اب دوبارہ کالا کوٹ اور کالی ٹائی پہنوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بطور گورنر پنجاب کوشش کی وکلاء برادری کیلئے کچھ کروں اور اپنے تک رسائی میں بھی آسانی فراہم کی ۔ انہوںنے کہا کہ استعفے کی منظوری کے بعد میں باقاعدہ طور پر وکالت کی پریکٹس شروع کر دوں گا۔ یاد رہے رفیق رجوانہ کو 2013 کے عام انتخابات کے نتیجے میں بننے والی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 10 مئی 2015 میں بطور گورنر تقرری کی۔ ان کے تقرر سے قبل چوہدری محمد سرور گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز تھے جو شریف برادران سے اختلاف کے باعث مستعفی ہوئے تھے اور بعد ازاں تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔