یو ایس قونصل جنرل کراچی کا سی ڈی سی کا دورہ

بدھ 15 اگست 2018 18:19

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) کراچی میں امریکہ کے قونصلیٹ جنرل کے وفد نے اپنی اقتصادی ٹیم کے ہمراہ قونصل جنرل جوین ویگنر کی قیادت میں سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان (سی ڈی سی) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر امریکن بزنس کونسل، کیپیٹل مارکیٹ اور کارپوریٹ سیکٹر کے اہم نمائندے اور سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کے بورڈ ممبران بھی موجود تھے۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین معین ایم فُدا نے وفد کا استقبال کیا اور پاکستانی کیپٹل مارکیٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امریکہ اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان گہرے تعلقات پر زور دیا۔ اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرآفتاب احمد دیوان نے مہمانوں کو سی ڈی سی کے پاکستانی کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی میں کردار اور کامیاب آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

قونصل جنرل ویگنر نے ماضی میں امریکہ اور پاکستان کی سندھ اور بلوچستان میں کامیاب شراکت داری پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں کراچی کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ کاروباری مواقعوں کیلئے تجاویز طلب کیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے ہمارے باہمی تعلقات مضبوط اور دونوں ممالک کے درمیان 6.4 بلین ڈالر کی باہمی تجارت میں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے پاکستان اور امریکہ کے شہریوں کو فائدہ ہو گا۔