بیرسٹر علی ظفر سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی آخری رسومات میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

جمعہ 17 اگست 2018 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) نگران وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات و قانون بیرسٹر علی ظفر سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی آخری رسومات میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ اٹل بہاری واجپائی گذشتہ روز نئی دہلی میں انتقال کر گئے تھے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے نگران وزیر اطلاعات و قانون کو سابق بھارتی وزیراعظم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان نے جمعرات کو بھارت کے تین مرتبہ منتخب وزیراعظم واجپائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے خاندان اور بھارت کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ واجپائی ایک معروف سٹیٹس مین تھے، انہوں نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری لانے کیلئے کردار ادا کیا اور وہ سارک اور علاقائی تعاون برائے ترقی کے بڑے حامی تھے۔