Live Updates

نواز شریف نے این آراو کو مسترد کردیا

عمران خان کی حکومت آنے سے پہلے نواز شریف نے جیل سے نکل جانے کو مسترد کردیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 18 اگست 2018 19:40

نواز شریف نے این آراو کو مسترد کردیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-18اگست 2018ء) :نواز شریف نے این آراو کو مسترد کردیا۔ عمران خان کی حکومت آنے سے پہلے نواز شریف نے جیل سے نکل جانے کو مسترد کردیا۔تفصیلات کے مطابق 2018 کے انتخابات میں جہاں مسلم لیگ ن ووٹ جو عزت دو کا نعرہ لے کر انتخابات میں اتری ،وہیں مسلم لیگ ن ایسے بھی اشارے دئیے کہ وہ ملک میں حکومت بنا کر نواز شریف اور مریم نواز شریف کو جیل سے باہر نکالیں گے تاہم جب ان انتخابات میں مسلم لیگ ن کو شکست ہو گئی تو مسلم لیگ ن کا منصوبہ دھرے کا دھرا رہ گیا۔

تاہم لیگی قیادت کی جانب سے نواز شریف کو جیل سے نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔اس موقع پر یہ بھی آوازیں اٹھیں کہ مسلم لیگ ن این آر او چاہتی ہے تاکہ نواز شریف اور مریم نواز کو جیل سے نکالا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نواز شریف کی طبیعت خراب ہوئی تو انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ۔معروف صحافی ہارون الرشید نے اس حوالے سے خبر دیتے ہوئے بتایا کہ جب نواز شریف جیل سے اسپتال منتقل ہوئے تو وہاں انہیں پیغام بھیجا گیا کہ اگر آپ اس وقت جیل سے نکلنا چاہتے ہیں تو نکل جائیں ،اگر عمران خان کی حکومت آ گئی تو پھر مشکل ہو جائے گا۔

تاہم نواز شریف نے اس طرح جیل سے نکلنے سے انکار کر دیا۔اس موقع پر ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف جیل سے تو نکلنا چاہتے ہیں لیکن وہ این آر او نہیں چاہتے ۔وہ جیل سے نکلنے کے لیے کوئی اور راستہ تلاش کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم اس وقت ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا ملنے کے بعد اڈیالہ جیل میں اپنی دس سالہ سزا کاٹ رہے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات