پنجاب کوآپریٹو آفس میں آگ حادثہ نہیں سازش نکلی

آتشزدگی کے واقعے میں آشیانہ ہاوسنگ اسکیم اور پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ جل گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 18 اگست 2018 21:42

پنجاب کوآپریٹو آفس میں آگ حادثہ نہیں  سازش نکلی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) :پنجاب کوآپریٹو آفس میں آگ حادثہ نہیں سازش نکلی۔ آتشزدگی کے واقعے میں آشیانہ ہاوسنگ اسکیم اور پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ جل گیا۔تفصیلات کے مطابق اس وقت مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے گرد گھیرا تنگ ہو چکا ہے۔نیب نے شہبازشریف اور خواجہ سعد رفیق کے خلاف اہم ثبوت تلاش کر لئیے ہیں۔

اس موقع پر اس کیس میں ایک بڑا موڑ سامنے آیا ہے۔کچھ روز قبل پنجاب کوآپریٹو آفس میں آگ لگی تھی جس میں اہم ریکارڈ جل گیا تھا تاہم اس حوالے سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ آتشزدگی حادثہ نہیں بلکہ مکمل سازش تھی۔اس واقعے میں آشیانہ ہاوسنگ اسکیم اور پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ جل کر راکھ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نجی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ نگران حکومت اور کوآپریٹو سیکرٹری میں اختلاف چل رہا تھا کیونکہ انہوں نے اپنے اہم لوگوں کو اہم ترین جگہوں پر تعینات کردیا تھا جس کے بعد نگران حکومت بالخصوص نگران وزیر خزانہ ضیا رضوی نے اس پر اعتراض کیا تھا۔

نگران حکومت کا موقف تھا کہ ہم تین چار دن کے مہمان ہیں ہمیں اس موقع پر کسی بھی قسم کی ٹرانسفر یا تعیناتی نہیں کرنا چاہیے ہے جس پر افسران اور حکومت میں کھینچا تانی بھی ہوئی تاہم اس کے بعد ہی پنجاب کوآپریٹو آفس میں آگ لگ گئی جس میں آشیانہ ہاوسنگ سکیم اور پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ موجود تھا جس میں سے زیادہ تر ریکارڈ جل چکا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس آتشزدگی کو مشکوک نگاہوں سے دیکھا جارہا ہے۔۔یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی بہت سے اہم کیسسز کے ریکارڈ کو اسی طرح جلا کر کیسسز کو متاثر کیا جاچکا ہے۔