Live Updates

خود سادگی اور کفایت شعاری کی مثال قائم کروں گا، وزیراعظم ہائوس میں نہیں رہوں گا اور نہ ہی بڑی بڑی درجنوں بلٹ پروف گاڑیاں استعمال کروں گا، وزیراعظم ہائوس کے 524 ملازم اور 80 گاڑیاں ہیں جس میں سے 33 بلٹ پروف ہیں ایک ایک گاڑی کی قیمت پانچ کروڑ سے زائد ہے، ہیلی کاپٹر اور جہاز بھی ہیں

وزیراعظم عمران خان کا ملک میں سادگی اختیار کرنے کے حوالے سے اقدامات کا اعلان

پیر 20 اگست 2018 02:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ خود سادگی اور کفایت شعاری کی مثال قائم کریں گے، وزیراعظم ہائوس میں نہیں رہیں گے اور نہ ہی بڑی بڑی درجنوں بلٹ پروف گاڑیاں استعمال کریں گے۔ اتوار کو قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ سادہ ترین زندگی گزار کر دکھائیں گے۔

صرف وہ ضروری سیکورٹی گارڈز رکھیں گے جو ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں حضور نبی کریمؐ کی ذات گرامی کی مثال دی جنہوں نے سارے عرب کو فتح کرنے کے بعد بھی محلات نہیں بنائے بلکہ سادہ طرز زندگی اختیار کئے رکھا۔ وزیراعظم نے قوم کو بتایا کہ وزیراعظم ہائوس کے 524 ملازم ہیں اور 80 گاڑیاں ہیں جس میں سے 33 بلٹ پروف ہیں ایک ایک گاڑی کی قیمت پانچ کروڑ سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

ہیلی کاپٹر اور جہاز بھی ہیں۔ پی ایم ہائوس گیارہ سو کنال پر مشتمل ہے اور وزیراعظم ہائوس اور وزیراعظم کے بیرونی دوروں کے اخراجات کروڑوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم ہائوس میں نہیں رہیں گے بلکہ ملٹری سیکرٹری کے گھر میں رہیں گے جو صرف تین بیڈ رومز پر مشتمل ہے اس کے علاوہ وہ صرف دو ملازم اور گاڑیاں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کا مسئلہ نہ ہوتا تو وہ اپنے ذاتی گھر میں رہائش اختیار کرنا چاہتے تھے ۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی بلٹ پروف گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی اور اس سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی جبکہ وزراء اعلیٰ کے ہائوسز میں بھی سادگی اختیار کی جائے گی اور گورنر ہائوسز کو عوام کے استعمال میں لانے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات