سرگودھا میں گھر سے بلوا کرزمیندار کے ڈیرہ پر مستری کے قتل کا مقدمہ درج

پولیس ملزمان زمیندار اور اس کے بیٹوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے

پیر 20 اگست 2018 13:09

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) سرگودھا میں گھر سے بلوا کرزمیندار کے ڈیرہ پر مستری کے قتل کا مقدمہ درج‘ پولیس نے مقتول نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر دی جسے سپرد خاک کر دیا گیا۔پولیس ملزمان زمیندار اور اس کے بیٹوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

(جاری ہے)

زرائع کے مطابق سرگودھا گجرات روڈ کے قصبہ پھلروان کے موضع سالم میں مستری محمد نصیر علاقہ کے زمیندار کے گھر کی تعمیر کا کام کر رہا تھا جن میں عید سے قبل مزدوری نہ ملنے پر جھگڑا ہوا تو مستری محمد نصیر کو گھر سے رقم دینے کے بہانے بلوا کر بے عزتی کے بدلہ میں تشدد کرتے ہوئے فائرنگ سے قتل کر دیا گیا۔

اس قتل پر لواحقین نے نعش موٹر وے انٹر چینج سالم پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیا۔تھانہ پھلروان پولیس نے مظاہرین کو یقین دہانی کروا کر مقتول کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی اور مقتول کے والد بشیر احمد کی مدعیت میں سلطان احمد اس کے بیٹوں عنصر اور جاوید کے خلاف مقدمہ قتل زیر دفعہ 302 /34 ت پ درج کر کیملزمان کی تلاش شروع کر دی۔