الیکشن کمیشن کا سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا حکم

اکتوبر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں صرف رجسٹرڈ سمندر پار پاکستانی ہی ووٹ ڈالنے کا حق استعمال کرسکیں گے ،ْالیکشن کمیشن

پیر 20 اگست 2018 16:05

الیکشن کمیشن کا سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا حکم
اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات میں ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا حکم دیدیا۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں نادرا حکام اور الیکشن کمیشن کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ نادرا کو انٹرنیٹ ووٹنگ (آئی ووٹنگ) سافٹ دیئر کا عملی مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور یکم سے 15 ستمبر تک سمندر پار پاکستیوں کی رجسٹریشن مکمل کرنے کا کہا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی شناختی کارڈ برائے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں ( نائیکوپ) یا مشین ریڈایبل پاسپورٹ ( ایم آر پی) رکھنے والے تمام سمندر پار پاکستانی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں صرف رجسٹرڈ سمندر پار پاکستانی ہی ووٹ ڈالنے کا حق استعمال کرسکیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق دفتر خارجہ اور نادرا اس حوالے سے سفارتخانوں کی مدد سے آگہی مہم چلائیں۔