وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات خسرو بختیار نے وزارت کا چارج سنبھال لیا‘ وفاقی وزیر کو وفاقی ترقیاتی منصوبوں، اور پبلک سیکٹر کے ترقیاتی پروگرام کے فنڈز، جاری رقوم کے حوالے سے بریفنگ

پیر 20 اگست 2018 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات خسرو بختیار نے وزارت کا چارج سنبھال لیا۔ وفاقی وزیر کو وفاقی ترقیاتی منصوبوں، اور پبلک سیکٹر کے ترقیاتی پروگرام کے فنڈز، جاری رقوم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر کو ملک میں وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے تحت جاری منصوبوں اور اقدامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر کو سیکرٹری منصوبہ بندی کمیشن ترقی و اصلاحات شعیب صدیقی کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ انسانی ترقی، صحت، خواتین اور بچوں کی صحت و نشونما، خواتین کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ آبی وسائل اور ڈیم، نوجوانوں کے لیے کاروبار، سرمایہ کاری کو فروغ، سیاحت کی ترقی وزیر اعظم اور پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اہداف حاصل کرنے کے لیے وزارت منصوبہ بندی کے معاشی ماہرین کو سخت محنت کرنا ہو گی اور اس سلسلے میں طویل اور قلیل مدتی حکمت عملی مرتب کرنا ہو گی، تاکہ یہ سنگ میل حاصل کر لیے جائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت کو نئے اقدامات پر توجہ دینا ہو گی، اور کام کے معیار کو مثالی بنانا ہو گا ، اور یقینی بنانا ہو گا کہ عوام کے پیسے کی بچت کی جا سکے۔

وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کو پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے خصوصی معاشی زون، سماجی و معاشی منصوبوں پر توجہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کم ترقی یافتہ علاقوں خصوصا گوادر میں عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت ووکیشنل تربیتی پروگرام پر خصوصی توجہ دی جائے۔