Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے پر نوجوت سنگھ سدھو کا شکریہ ادا کر دیا

نوجوت سنگھ سدھو امن کے سفیر ہیں، پاکستان میں لوگوں کی طرف سے ان کو بے پناہ محبت ملی، وزیراعظم کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 اگست 2018 14:35

وزیراعظم عمران خان نے تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے پر نوجوت سنگھ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21اگست 2018 ء) وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نےکہا کہ سدھو کا اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت پران کا شکر گزار ہوں۔ سدھو امن کے سفیر ہیں اور انہیں پاکستانیوں کی جانب سے بہت محبت دی گئی۔ سدھو کی مخالفت کرنے والے برصغیر میں امن کی مخالفت کررہے ہیں،امن کے بغیر دونوں ملک خوشحال نہیں ہوسکتے۔

ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مستقبل کی جانب پیش قدمی کیلئے ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے اور کمشیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل نکالناہوگا۔ غربت مٹانے اور برصغیر کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کا آسان ترین نسخہ یہی ہے کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کئے جائیں اور باہمی تجارت کا آغاز کیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے اس سے پہلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپننگ بلے باز نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے دورہ پاکستان پر تنقید کرنے والے انتہا پسند بھارتیوں کو کرارا جواب دے دیا ، ان کاکہنا تھا کہ جن کو میر ے پاکستان جانے پر اعتراض ہے وہ یہ بتائیں کہ نریندر مودی کیا نواز شریف کو صرف جپھی ڈالنے کے لیے پاکستان گئے تھے ؟ ۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ پاکستان کوئی نو مینز لینڈ نہیں، وہاں بھی لوگ رہتے ہیں ، مجھ پر تنقید کرنے والے بتائیں کہ بی جے پی کے وزیر اعظم نریندر مودی کیا نواز شریف سے صرف جپھی ڈالنے گئے تھے؟، اٹل بہاری واجپائی بھی امن کا پیغام لے کر ہی پاکستان گئے تھے،میں بھارت کا سفیر بن کر گیا تھا اور بھارت ہی میں مجھ پر تنقید ہورہی ہے،ویزا ملنے پر وزیر خارجہ سشما سوراج نے خود فون کرکے کہا کہ آپ کوپاکستان جانے کی اجازت مل گئی ہے۔

نوجوت سنگھ سدھو کا مزید کہنا تھا کہ خون خرابے سے دونوں ممالک کو کیا فائدہ ہوگا ،بہتر تعلقات میں فائد ہ ہے،دونوں ملکوں میں امن ہو تو سرحد پر فوج رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات