Live Updates

پی ٹی آئی کی جیت اور عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے پاک ، امریکہ تعلقات میں بہتری آئے گی،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

پاکستان اور بھارت کے درمیان جب تک مسئلہ کشمیر حل طلب ہے اس وقت تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

منگل 21 اگست 2018 20:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جیت اور عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے پاک ، امریکہ تعلقات میں بہتری آئے گی۔ کیونکہ عمران خان بھی کھل کر بات کرنے والے ہیں اور امریکی صدر ٹرمپ کے بارے میں بھی یہی مشہور ہے۔

اسلئے اس وقت جو غلط فہمیاں پائی جارہی ہیں۔ اس سے وہ ختم ہونگی اور جسطرح امریکہ اور پاکستان پہلے دوست تھے آئندہ بھی دونوں ممالک کے درمیان ویسے ہی دوستانہ تعلقات ہونگے ۔پاکستان اور بھارت کے درمیان جب تک مسئلہ کشمیر حل طلب ہے اس وقت تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ عمران خان نے اپنی پہلی وکٹری اسپیچ میں کہا تھا کہ جب تک مسئلہ کشمیر موجود ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ختم نہیں ہوتی اس وقت تک پاک ،بھارت تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائشگاہ پر امریکہ کی ایمبیسی میں پورے پاکستان کی سیاسی امور کی انچارج ایملی سولیویئن(Emily Sullivan) اورایرن کمسے (Erin Kimsey) سے ڈیڑھ گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی سفارتکاروں سے مسکراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھی صدر ٹرمپ کی طرح سیدھی بات کر دیتے ہیں اگرچہ اس سے وقتی طور پر کچھ لوگ ناراض ہو تے ہیں لیکن اسکے دو رس مثبت اثرات مرتب ہو تے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عمران خان ستمبر میں اقوام متحدہ میں اجلاس کیلئے امریکہ جائیں گے جہاں پر انکی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات ہو گی جس سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات