Live Updates

تحریک لبیک کا ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان کیخلاف لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز

خادم حسین رضوی ،پیر افضل قادری کی قیادت میں داتا دربار سے شروع ہونیوالا مارچ براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پہنچے گا تحریک لبیک پاکستان کے قافلے راستے میں مرکزی قافلے کا حصہ بنیں گے،روانگی کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ناموس رسالت سیاسی نہیں ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے ، ڈچ سفیر کو فوری طور ملک بدر کر ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں‘علامہ خادم حسین رضوی

بدھ 29 اگست 2018 20:58

تحریک لبیک کا ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان کیخلاف لاہور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2018ء) تحریک لبیک یا رسولؐ نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان کیخلاف لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز کردیاجس کی قیادت امیر تحریک علامہ خادم حسین رضوی اورپیر افضل قادری کررہے ہیں،داتا دربار بھاٹی چوک سے شروع ہونیوالا مارچ براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پہنچے گا، تحریک لبیک پاکستان کے قافلے راستے میں مرکزی قافلے کا حصہ بنیں گے،احتجاجی مارچ کی روانگی کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور لوگ کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے ،علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا ہے کہ ناموس رسالت کا مسئلہ کوئی سیاسی نہیں یہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے ، ڈچ سفیر کو فوری طور ملک بدر کر ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گستاخانہ خاکوں کیخلاف مارچ میں شرکت کیلئے سندھ اسمبلی میں تحریک لبیک پاکستان کے پارلیمانی لیڈر مفتی قاسم فخری سمیت دوسرے صوبوں سے بھی ذمہ داران گذشتہ روز لاہور پہنچے ، دن بھر صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں سے کارکنان ٹولیوں کی شکل میں جمع ہوتے رہے ، دوپہر کے وقت وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اورصوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے دیگر ذمہ داران کے ساتھ تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی قائدین پیر افضل قادری، علامہ وحید نور اورڈاکٹر شفیق امینی سمیت دیگر سے زمان پارک میںملاقات کی اور انہیں حکومت کی طرف سے اس معاملے پر کیے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا اور وفد سے مارچ یا دھرنا نہ دینے کی درخواست کی، وفاقی وزیر مذہبی امور نے انہیں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا پیغام بھی دیا کہ ابھی دھرنا یا لانگ مارچ نہ کریں مگر تحریک لبیک یا رسول کے وفد نے ہالینڈ کا سفارتخانہ بند کرنے، سفیر کو ملک بدر اور اپنا سفیر واپس بلانے تک لانگ مارچ ملتوی کرنے سے صاف انکار کردیا ۔

بعد ازاں علامہ خادم حسین رضوی کے زیر صدارت تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں پیر افضل قادری ،علامہ وحید نور ، ڈاکٹر شفیق امینی اور صاحبزادہ عثمان علی جلالی سمیت دیگر نے شرکت کی اور فیصلہ کیا کہ مطالبات کی منظوری تک اپنے فیصلے سے نہیں ہٹیں گے۔ علامہ خادم حسین رضوی دیگر رہنمائوں کے ساتھ مارچ کی قیادت کیلئے پہنچے تو ہزاروں کارکنان ان کے استقبال کیلئے موجود تھے ۔

مارچ کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم رضوی نے کہا کہ ہم اپنے اصولی موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ناموس رسالت کا مسئلہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں یہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے اس پر کسی قسم کے کمپرومائز یا لچک کا سوال ہی پیدا نہیں ہو سکتا۔لوگ اس مسئلہ کو خادم حسین رضوی کا مسئلہ سمجھتے ہیں حالانکہ یہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے موجودہ حکومت نئی نئی بنی ہے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

ہم حکومت کو غیر مستحکم نہیں کرنا چاہتے لہٰذا اگر حکومت استحکام چاہتی ہے تو کروڑوں مسلمانوں کی امنگوں کی ترجمانی کر ے یا انشاء اللہ جب تک ایک مسلمان بھی دنیا میں زندہ ہے۔ وہ حضور اکرم کی ناموس کی حفاظت کرتا رہے گا۔تحریک لبیک پاکستان کا لبیک یا رسول اللہ مارچ اسلام آبادروانہ ہو گیا ، ہزاروں افراد اور سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ اسلام آباد کی طرف پوری قوت سے رواں دواں ہے، شرکاء مارچ اپنے مطالبات منوانے کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں، اس موقع پر کارکنوں میں جذبہ دیدنی تھا۔

کارکن کھانے پینے کا اور قیام کا سامان ساتھ لے کر آئے تھے ۔جبکہ بھاٹی چوک، لوئر مال، راوی روڈ، سرکلر روڈ، اردو بازار، بلال گنج، ریٹی گن روڈ تک ٹریفک کی بدترین صورتحال تھی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات