موجودہ وفاقی حکومت نے جوخفّت اپنے ابتدائی دو ہفتوں میں اٹھائی ہے وہ ماضی کی حکومت نے برسوں میں نہیں اٹھائی، شاہی سید

عوام کو سبز باغ دکھانے والوں کو سوشل میڈیا سے نکال کر حقیقی دنیا میں لیکر آئیں گے ،صدر اے این پی سندھ

جمعرات 30 اگست 2018 22:41

موجودہ وفاقی حکومت نے جوخفّت اپنے ابتدائی دو ہفتوں میں اٹھائی ہے وہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2018ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کو جوخفّت اپنے ابتدائی دو ہفتوں میں اٹھانی پڑی ہے وہ ماضی کی حکومت نے برسوں میں نہیں اٹھائی ، مدینے کی ریاست اور خلفائے راشدین کے دور کی مثالیں دینے والوں کے ابھی سے اوسان خطاء ہیں وفاقی و پنجاب حکومت کے ترجمانوں کے بیانات حکمراں جماعت کی اہلیت کاپتہ بتا رہے ہیں ، تحریک انصاف کے بارے میں کسی کو باہر سے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ان کے اپنے اراکین اسمبلی خود نشاندہی کررہے ہیں۔

نئے پاکستان کے علمبردار اپنی نا لاقیوں کے بوجھ تلے خود دب رہے ہیں ،وفاقی و پنجاب حکومت کے ترجمانوں کی صلاحیت و فہم ایک یونین کونسل کے تنظیم کے عہدیدار سے بھی پست ہے اقتدار دلوانے والوں کو اُمور مملکت چلانے کیلئے اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں بے ساکھیوں سے بنائی جانے والی حکومت اپنے ابتدا میں ہی لڑ کھڑا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہاراے این پی سندھ شاہی سید نے نے مردان ہائوس میں مختلف پارٹی وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کو بندر بانٹ سمجھتا ہوں عجیب الیکشن ہوئے ہیں کہ جیتنے والے پریشان اور ہارنے والے حیران ہیں جن لوگوں کو اسمبلیوں میں بھیجا گیا آج وہ سیاسی کارکنان کی جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں اتنے جتن تو امپائر کو آئی جے آئی کی تخلیق کرنے کیلئے بھی نہیں کرنے پڑے تھے جتنے نئے پاکستان کے علمبردار وں کو قوم پر مسلط کرنے کیلئے کرنے پڑے ہیں 2018 کے عام انتخابات پولیٹیکل انجینئرنگ کی بدترین مثال ہیں، مرکزی و صوبائی حکومتیں بد ترین دھاندلی کے نتیجے میں وجود میں آئی ہیں ۔

انھوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملکی مسائل کا حل تو نہیں دے پائی ہے مگر ان کے وزراء کے بیانات عوام کو تفریح کے ذرائع ضرور مہیا کررہے ہیں اب جبکہ گزشتہ 22سالوں سے عوام سے کئے گئے وعدوں کو نبھانے کاوقت آیا ہے عملی اقدامات کا ذکر کرنے کے بجائے ، عوام کو کفایت شعاری کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا جا رہا ہے عوام کو کفایت شعاری کے اسرار و رموز جتانے کے بجائے حقیقی مسائل کے حل کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔

انھوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اپنی قوم کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑے گی آج جو لوگ اسمبلیوں میں بھجوائے گئے ہیں ہم انھیں قوم سے کیے گئے وعدے یاد دلائیں گے عوام کو سبز باغ دکھانے والوں کو سوشل میڈیا سے نکال کر حقیقی دنیا میں لیکر آئیں گے اور ان کو دن میں تارے دکھائیں گے۔