جماعت اسلامی کاصوبہ بھر میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف بھرپور احتجاج

توہین رسالت کرنے اور خاکے بنانے والوں کے خلاف قراردادیں پاس ،ہالینڈ حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی

جمعہ 31 اگست 2018 19:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2018ء) جماعت اسلامی اور اس کے برادر تنظیموں نے جمعتہ المبارک کو صوبہ بھر میں گستاخانہ خاکوں وتوہین رسالت کرنے والوں کے خلاف بھر پور احتجاج ریکارڈ کیا ضلعی ہیڈ کوارٹرزمیں ریلی ومظاہرے منعقدہوئے جبکہ تمام بڑے شہروں میں جمعہ نماز کے موقع پر آئمہ کرام وعلمائے کرام نے توہین رسالت کرنے اور خاکے بنانے والوں کے خلاف عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے قراردادیں پاس کی کوئٹہ میں اسلامی جمعیت طلبہ ،جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی جمعیت کے دفتر فاطمہ جناح روڈ سے شروع ہوئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی ریلی میں اسلامی جمعیت طلبہ اور جے آئی یوتھ کے کارکنان نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔

ریلی کے شرکاء نے ہالینڈ حکومت ، خاکے بنانے والوں اور بے حس مسلم حکمرانوں کے خلاف نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ ،جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر جمیل احمد مشوانی ،اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ندیم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکے وتوہین رسالت کرنے والوں کا مستقل طور پر ہمیشہ کیلئے راستہ روکھنا چاہیے ۔

توہین رسالت کرکے کروڑوں لوگوں کی دل آزاری کرنے کے بعد معافی مانگنے اور مقابلوں رکھوانا مناسب نہیں ،اقوام متحدہ ، اوآئی سی سمیت مسلم حکمران مل کر اس شرارت ومسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کی فوری روک تھام کرنے کیلئے قانون سازی کریں ۔دیگر اضلاع میں تقاریب ومساجد میں قراردادوں میں مقررین وعلمائے کرام او رآئمہ کرام نے کہا کہ عالمی سطح پر اس درندگی ودہشت گردی کے خلاف بھر پور آوازاُٹھانے اور قانون سازی کی ضرورت ہے پوری امت مسلمہ غم وغصے کاشکار ہیں مگر مسلم حکمرانوں کی اکثریت خواب غفلت کا شکار ہیں۔

ہالینڈمیں گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کی منسوخی خوش آئند ہے مگر امت مسلمہ کو اشتعال غم وغصہ دلانا ،ان کی مرکز پر حملہ کرنا اور پھر منسوخی کفار کی دہشت گردی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائیں کم ہے ۔جماعت اسلامی اور دینی جماعتیں سمیت عوام الناس اس مسئلہ پر ایک ہیں ہم سب نبی پاک ؐکی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ تحفظ ناموس رسالتؐ پر ہم قربان ہونے کو ہر دم تیار کھڑے ہیں،یہ ہمارے ایمان کی بنیادہے۔

اسلام اور مسلم دشمن قوتیں اپنی تمام حدود عبورکرچکی ہیں۔ حضورنبی کریمؐ کی شان میں گستاخی کرنے والے درحقیقت دنیا میں تہذیبوںکی جنگ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس طرح ہولوکاسٹ پر یہودی لابی کوتکلیف ہوتی ہے تواسی طرح نبی اکرمؐ کی ذات اقدس پرکوئی نازیبازبان استعمال کرے اور خاکے بنائے یہ مسلمانوں کوکسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلمان دنیا میں امن چاہتے ہیں مگر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اسلام کو بدنام کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

المیہ تو یہ ہے کہ آزادی اظہار کے نام پر جہاں ایک طرف مغربی ممالک شان رسالتؐ میں گستاخی کرنے والوں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں تووہاں دوسری طرف مسلم ممالک کی خاموشی،روایتی بے حسی اور ہٹ دھرمی لمحہ فکریہ ہے تمام مذاہب کا احترام ضروری ہے بصورت دیگر دنیا میں فسادات برپاہوجائیں گے۔تحفظ ناموس رسالتؐ ہمارے ایمان کا اہم اور بنیادی جزو ہے۔

غیر مسلم طاقتیں اوچھے ہتھکنڈوں اور اشتعال انگیز کارروائیوں کے ذریعے مسلمانوں کے جذبات کو بری طرح مجروح کررہی ہیں۔وقت کاناگزیر تقاضاہے کہ امت مسلمہ یہود وہنود کی سازشوں کے خلاف متحدہوکر ان کامقابلہ کرے۔بحیثیت مسلمان آج ہمیں اتحاد ویکجہتی کی جتنی ضرورت ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔ طاغوتی طاقتیں غلبہ اسلام سے خائف ہوکرمسلمانوں کے خلاف پوری طرح سرگرم ہیں اور وہ مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کاکوئی بھی موقع خالی ہاتھ نہیں جانے دیتیں ۔