مولانا فضل الرحمن کی صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبرداری کے لئے بات چیت کا عمل جاری ہے،صدارتی امیدوار چوہدری اعتزاز احسن

ہفتہ 1 ستمبر 2018 15:00

مولانا فضل الرحمن کی صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبرداری کے لئے بات چیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبرداری کے لئے بات چیت کا عمل جاری ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ مولانا فضل الرحمن اپنے کاغذات نامزدگی پیپلزپارٹی کے امیدوار (اعتزاز احسن) کے حق میں واپس لے لیں۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اپنے امیدوار کو مولانا فضل الرحمن کے حق میں دستبردار کرے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے اور توقع ہے کہ صدارتی انتخاب سے قبل مثبت نتیجہ برآمد ہو گا۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد اعتزاز احسن کی قیادت میں ہفتہ کی شام کراچی جائے گا۔ یہ وفد چوہدری منظور، قمر زمان کائرہ اور دیگر سینئر قائدین پر مشتمل ہے۔ یہ وفد مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گا اور صدارتی انتخاب کیلئے اپنے لئے ووٹ مانگے گا۔